Live Updates

پنجاب میں بدترین سیلاب، 1400 بستیاں زیرِ آب اور 10 لاکھ افراد سے متاثر ہوچکے ہیں، فہیم خان

جمعہ 29 اگست 2025 23:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر اور سابق ایم این اے فہیم خان انصاف ہائوس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک بھر میں جاری سیلابی تباہ کاریوں اور حکومتی نااہلی پر شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے کئی اضلاع بدترین سیلاب کی زد میں ہیں لیکن حکمران سیاست میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے اور حالیہ بارشوں کے باعث پنجاب میں بدترین سیلاب آیا ہے جس کے نتیجے میں 1400 سے زائد بستیاں زیرِ آب آچکی ہیں، 10 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ گزشتہ چوبیس گنٹوں میں 15 افراد سے زائد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

(جاری ہے)

فہیم خان نے کہا کہ اس تباہی کے پیش نظر وفاقی اور پنجاب حکومت نے کوئی پیشگی انتظامات نہیں کئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے خبردار کیا کہ پنجاب کے بعد سندھ میں بھی بڑے پیمانے پر سیلاب کے خطرات منڈلا رہے ہیں مگر پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت حسبِ روایت شہریوں کو بچانے کے بجائے امدادی فنڈز میں کرپشن کی منتظر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ آبپاشی سمیت سندھ کابینہ کے وزرا بجٹ میں خورد برد کرنے میں مصروف ہیں اور سندھ کی نہروں کے بندوں کو مضبوط بنانے کے لیے خرچ کیے گئے فنڈز کا حساب دینے کو تیار نہیں۔

فہیم خان نے دعوی کیا کہ ایک بار پھر ایک سازش کے تحت سندھ کی نہروں کے بند توڑ کر مختلف شہروں کو ڈبونے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں تیز بارشوں کی نئی پیش گوئی کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اربن فلڈنگ کے واضح خطرات کے باوجود سندھ حکومت اور میئر کراچی نے کوئی موثر اقدامات نہیں اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ پچھلی بارشوں کا پانی تاحال کراچی کے کئی علاقوں میں جمع ہے جبکہ حالیہ بارشوں سے شہر کی 40 فیصد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلی بارشوں میں 19 شہری جاں بحق ہوئے اور ہزاروں گاڑیاں خراب ہوئیں لیکن سندھ حکومت آج تک متاثرین کو معاوضہ دینے میں ناکام ہے۔فہیم خان نے کہا کہ پنجاب میں ہونے والے نقصانات پر حکومت کو متاثرہ شہریوں کو مکمل معاوضہ دینا ہوگا، جیسے خیبرپختونخوا کی حکومت نے اپنے متاثرین کو دیا۔ انہوں نے سندھ کے لیے بھی فوری طور پر ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نااہل وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بدانتظامی نے عوام کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے، عوام اب اپنے محبوب لیڈر عمران خان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ فیصلہ ساز ہوش کے ناخن لیں اور عمران خان کو فوری رہا کریں۔فہیم خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کورونا جیسی عالمی وبا کے دوران بھی ملک کو سنبھالا اور معیشت کو ڈیفالٹ سے بچایا لیکن موجودہ فارم 47 کی جعلی حکومتوں نے کرپشن اور عوامی خدمت سے بے رخی کے باعث ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات