Live Updates

پاکستان بحریہ اور ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اعلی حکام کی مینگورہ ،ملحقہ علاقوں کا دورہ ،متاثرہ عوام سے ملاقاتیں

ہم سندھ ،بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں عوام کی خدمت کیساتھ خیبرپختونخوا کے بھائیوں ،بہنوں کے دکھ درد میں بھی شریک ہیں،کمانڈر مصطفی کمال

جمعہ 29 اگست 2025 20:00

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)پاکستان بحریہ اور ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اعلی حکام نے مکان باغ مینگورہ اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر متاثرین کی مشکلات اور مسائل دریافت کیے گئے۔اس موقع پر پاکستان نیوی کے کمانڈر مصطفی کمال، ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو (ر)نیول کموڈور شہاب قمر، برینڈ ایمبیسیڈر ایوب کھوسہ، کراچی کی بزنس کمیونٹی کے نمائندگان اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

پاک بحریہ کے کمانڈر مصطفی کمال نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان بحریہ اور ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن اس مشکل گھڑی میں خیبرپختونخوا خصوصا سوات، بونیر اور شانگلہ کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم نہ صرف سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اپنی عوام کی خدمت کر رہے ہیں بلکہ خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے دکھ درد میں بھی شریک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی قیادت کی ہدایت پر سوات، بونیر اور شانگلہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے، راشن تقسیم کیا گیا اور مالی امداد فراہم کی گئی۔کمانڈر مصطفی کمال نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شا اللہ یہ خدمت اور تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات