Live Updates

حکومت سیلاب متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے، مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،رانا مشہود

جمعہ 29 اگست 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے، سیلاب کی بروقت پیشگی اطلاع کے پیش نظر کم سے کم نقصان ہوا، مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، ریسکیو ادارے جانفشانی سے فرائض انجام دے رہے ہیں، آبی گزرگاہوں پر تعمیرات کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں طلعت پارک پنڈ بھدرو میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ سیلاب کی اس مشکل گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت ، پاک افواج ، ریسکیو1122 اور دیگر ادارے عوام کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہیں ، سیلاب کی بروقت پیشگی اطلاع کے پیش نظر پنجاب میں کم سے کم نقصان ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آبی گزرگاہوں پر تعمیرات کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ،دریائے راوی کے اندر ہائوسنگ سوسائٹیز کی لانچنگ کی حوصلہ شکنی کی جائے گی ،ہمیں مستقبل میں قدرتی آ فات سے نمٹنے کیلئے ایسے اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ ملک و قوم کو جانی اور مالی نقصانات سے بچایا جا سکے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں رانا مشہود نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز کی بہترین حکمت عملی کے ذریعے سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیمز کی تعمیر کا آغاز جلد کیا جائے گا ، اس سیلابی پانی کا ایک ایک قطرہ بہت قیمتی ہے اس کو سٹور کر کے صحیح جگہ پر استعمال میںلانے کیلئے حکومت اقدامات کریگی ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے جن لوگوں کا جانی اور مالی نقصان ہوا ہے ان کی رپورٹیں تیار ہو رہی ہیں ، متاثرین کے نقصانات کو پنجاب حکومت وفاق کے ساتھ ملکر پورا کرے گی ، پنجاب میں تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر کو بھی بحال کیا جائے گا، صوبے کی کوئی ایسی گلی یا سٹرک ٹوٹی ہوئی نہیں رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام ادارے ریسکیو 1122 سمیت و دیگر سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کیلئے اپنے فرائض بڑی جانفشانی سے انجام دے رہے ہیں ۔

ایل ڈبلیو ایم سی کی ڈمپر گاڑیوں کو بھی سیلاب میں گھرے خاندانوں کا سامان گھروں سے باہر نکالنے کیلئے استعمال میں لاجا رہا ہے ، سیلاب زدگان کیلئے طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے میڈیکل کیمپس کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے راوی میں فلڈ کا بڑا ریلا گزر چکا ہے ،اگر بارش نہ ہو ئی تو انشاء اللہ ایک دو روز تک حالات معمول پر آنا شروع ہو جائیں گے ،وزیر اعلی کا کہنا ہے کہ سیلاب میں پھنسے ایک ایک شخص کو ریسکیو کیا جائے گا ، حکومت ہر لمحہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے ، وفاق کے ادارے این ڈی ایم اے پنجاب کے پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر ہمہ وقت لوگوں کی مدد کیلئے تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج کی وجہ سے پوری دنیا کے ممالک متا ثر ہو رہے ہیں ، اس حوالے سے پاکستانی عوام میں آگاہی پیدا کی جا رہی ہے ،سیلاب ،زلزلے یہ قدرتی آ فات ہیں ان کو روکا نہیں جا سکتا لیکن اس سے بچائو کیلئے اقدامات ضروری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے آبی دہشت گردی کی ہے مودی حکومت کہتی تھی کہ پاکستان کا ایک ایک قطرہ پانی بند کر دیں گے لیکن ان کے اپنے ہی ڈیمز کے دروازے ٹوٹ گئے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات