Live Updates

مودی حکومت چوری کے بعد اب ڈکیتی پر آمادہ ہے، ملکارجن کھڑگے

آئندہ انتخابات میں بہار کے عوام نریندر مودی کی ڈبل انجن بدعنوان حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے

منگل 2 ستمبر 2025 13:09

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے ووٹ چور ی پرمودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ مودی حکومت چوری کے بعد اب ڈکیتی پر آمادہ ہیں ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملکارجن کھڑگے نے پٹنہ میں ووٹر ادھیکار یاترا کے اختتام کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام اور مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ انتخابات میں بہار کے عوام نریندر مودی کی ڈبل انجن بدعنوان حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف ووٹ چوری کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کرانا چاہتی تھی تاہم مودی حکومت نے بحث کی اجازت نہیں دی ۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں بحث کیلئے تحریک پیش کرتی رہی تاہم حکومت الیکشن کمیشن کو بچاتی رہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مودی حکومت گزشتہ11برس سے قسطوں میں جمہوریت کو ختم کرتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے چوری کے نت نئے طریقے اختیار کئے ہیں ۔

پہلے عوام کی اربوں روپے کی دولت اپنے چند خاص دوستوں میں تقسیم کر دی اور منافع بخش پبلک سیکٹر کو بھی انہیںسونپ دیا۔اب مودی جی اسی کالے دھن کو حزب اختلاف کی حکومتیں گرانے کیلئے استعمال کر رہے ہیں ۔ ملکار جن کھڑگے نے کہاکہ مودی حکومت اب چوری کے بعد ڈکیتی پر آمادہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ صرف بہار ہی نہیں، کشمیر سے کنیاکماری تک پورے ملک بھرمیں عوام نے مودی حکومت کی حقیقت جان لی ہے۔

انہوںنے کہاکہ کچھ لوگوں کو زیادہ وقت اورکچھ کو کچھ وقت کے لیے توبے وقوف بنایا جاسکتا ہے ، لیکن ایسا ہمیشہ کیلئے نہیں ہو سکتا ۔کانگریس کے صدر نے حکومت کے اس دعوے کے مودی جی منتخب وزیر اعظم ہیں، ہمیشہ الیکشن موڈ میں رہتے ہیں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بوگس ووٹروں سے لے کر جھوٹی تشہیر، جھوٹے اعلانات، جھوٹے منصوبے اور فضول جملہ بازی ہمارے وزیراعظم کی شناخت ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں حزب اختلاف کو دیوار سے لگانے کیلئے مودی سرکارای ڈی، سی بی آئی، آئی ٹی کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ نریندر مودی کے انتخابی وعدوں کاذکر کرتے ہوئے مکار جن کھڑگے نے کہا کہ مودی جی نے ہمیشہ پہلے بدعنوانی اور کالے دھن کو ختم کرنے کی بات کی ہے تاہم ان کے دور حکومت میں ان دونوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ حال میں مودی جی نے تاجروں کو گجرات میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ دھن کالا ہو یا سفید فرق نہیں پڑتا۔ یہی ان کی سوچ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماچل، اتراکھنڈ، راجستھان، مہاراشٹر اور کرناٹک سمیت کئی ریاستوں میں سیلاب اور قدرتی آفات میں لوگ ہلاک اور بے گھر ہو رہے ہیں لیکن مودی جی غائب ہیں اور دنیا بھر کی سیر کرتے پھر رہے ہیں ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات