ڈیجیٹل یوتھ ہب کا پلیٹ فارم نوجوانوں کو با اختیار بنانے کی جانب اہم قدم ہے،رانا مشہود احمد خاں

جمعہ 5 ستمبر 2025 13:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ ''ڈیجیٹل یوتھ ہب'' کا پلیٹ فارم نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی جانب اہم قدم ہے،نوجوانوں کو کاروبار کیلئے200 بلین روپے کے بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں،ہمارے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں،اگر انہیں سہولتیں اور رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ دنیا کو فتح کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، طالبات پورٹل پر رجسٹریشن کرائیں اور حکومتی سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور میں پی ایم یوتھ ڈیجیٹل ہب اینڈ انیشی ایٹو فار یوتھ ڈویلپمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر زیب النسا حسین، سپیشل ریپریزینٹیٹو فار یوتھ پروگرام رضوان انور ،ماہاجمیل ،فیکلٹی ممبران اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ''ڈیجیٹل یوتھ ہب''پاکستان کی نوجوان نسل کے لئےایک انقلابی پلیٹ فارم ہے جو انہیں علم، مہارت اور روزگار کے ایسے مواقع فراہم کرے گا جو پہلے کبھی اس سطح پر دستیاب نہ تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے نہ صرف انفرادی ترقی ممکن ہوگی بلکہ ملکی معیشت کو بھی تقویت ملے گی،یہ اقدام وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کا حصہ ہے جس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں فعال شراکت دار بنانا اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرتے ہوئے عالمی مارکیٹ میں مقابلے کے قابل بنانا ہے۔

رانا مشہود احمد خاں نے بتایا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر ملک بھر کے طلبا و طالبات اور نوجوانوں کیلئے جو سہولیات فراہم کی گئی ہیں ان کے مطابق اعلی تعلیم کے خواہشمند طلبہ کیلئے مقامی اور بین الاقوامی اسکالرشپس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کوئی بھی نوجوان وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے،اس کے علاوہ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ رہنمائی کیلئے ایک مربوط نظام جس کے ذریعے انہیں ملکی و غیر ملکی روزگار اور انٹرن شپس تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے آن لائن کورسز اور سرٹیفیکیشن پروگرامز کی سہولت مہیا کی جائے گی تاکہ وہ فری لانسنگ و دیگر ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں اپنا مقام بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپس کے علاوہ کاروباری ذہن رکھنے والے نوجوانوں کے لیے اسٹارٹ اپس کی رہنمائی، مالی معاونت اور سرمایہ کاری کے مواقع دیئے جائیں گے تاکہ وہ خود مختار معاشی اکائیوں کے طور پر ابھریں اور روزگار کے مواقع پیدا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ پاکستان کا نوجوان دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائے جس کیلئے ڈیجیٹل یوتھ ہب اسی خواب کی تعبیر کی جانب پہلا قدم ہے،یہ پلیٹ فارم نہ صرف شہروں میں بلکہ دیہی علاقوں کے نوجوانوں تک بھی یکساں سہولیات پہنچانے کا ذریعہ بنے گا۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ہم ''میڈ ان پاکستان''پروگرامز کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں،بطور صوبائی وزیر تعلیم انہوں نے2011 میں پنجاب کی پہلی یوتھ پالیسی متعارف کرائی تھی جس کے تحت نوجوانوں کو تعلیم،لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس فراہم کی گئیں تاکہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے پسماندہ علاقوں کے تین غریب خاندانوں کے بچوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہی پروگرامز سے فائدہ اٹھا کر ڈاکٹر،انجینئر اور انٹرپرینیور بن کر آج کامیاب زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک ساڑھے چار لاکھ سے زائد نوجوان ان مواقع سے مستفید ہو کر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں،پنجاب میں10 لاکھ اور وفاق میں6 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا چکے ہیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان آج فری لانسنگ اور ای کامرس کے شعبے میں دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔2016 میں مائیکروسافٹ کے یوکے ہیڈ آفس میں ہونے والی تقریب کے دوران یہ احساس ہوا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی کی طرف زیادہ سے زیادہ راغب کرنا ہوگا،اسی مقصد کے تحت200 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے آئیڈیاز اور خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہر سال ڈیڑھ سو سے زائد منصوبے سپورٹ کئے جاتے ہیں،میرٹ پر تعلیمی اداروں کے سربراہان تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ڈینگی وبا کے دوران رضوان انور جیسے70 ہزار نوجوانوں نے میدان میں آ کر شاندار خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو خود بھی معلوم نہیں کہ ان میں کتنا ٹیلنٹ موجود ہے، یہ وہی قوم ہے جس نے سخت محنت اور قربانیوں سے اپنا مقام بنایا،آپریشن ردالفساد اور بنیان مر صوص میں دشمن کو شکست دی،بھارتی نظام کو ہیک کر کے دنیا کو بتایا کہ پاکستان ایک با صلاحیت اور طاقتور قوم ہے اور ہم نے دشمن کے طیارے بھی مار گرائے۔

رانا مشہود احمد نے طالبات سے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں جو لاہور کی بہترین یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں،ملک کے دور دراز علاقوں کے نوجوان بھی ایسی سہولتوں کے خواہاں ہیں،ہماری اصل شناخت پاکستان ہے اور پاکستانی ہونے پر ہمیں فخر ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دشمن یہ سمجھتا ہے کہ پاکستانی قوم تقسیم ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ قوم دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہوتی ہے۔

انہوں نے شہیدوں کی مائوں کے جذبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ کہتی ہیں کہ اگر ان کا ایک اور بیٹا ہوتا تو وہ بھی وطن پر قربان کر دیتیں تو ایسے موقع پر ان لوگوں پر افسوس ہوتا ہے جو پاک فوج کے خلاف بات کرتے ہیں۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے لانچ کی گئی ''سکوٹی اسکیم''سمیت نوجوانوں کیلئے گرین یوتھ موومنٹ پاکستان کی پہلی یوتھ ایڈولینس پالیسی اور ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے طالبات کو تاکید کی کہ وہ ان حکومتی پروگراموں سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنی زندگیاں سنواریں اور اپنے مستقبل کو ملک کے مستقبل سے وابستہ کریں۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو شیلڈز پیش کی گئیں ۔\932