Live Updates

پولیو مہم کے دوران ایک کروڑ 97 لاکھ بچوں کو پولیو وائرس سے بچائو کے قطرے پلائے گئے، این ای او سی

منگل 9 ستمبر 2025 11:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) ملک بھر میں یکم ستمبر سے 7 ستمبر تک جار ی رہنے والی انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 97 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو وائرس سے بچائو کے قطرے پلائے گئے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر(این ای او سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں پولیو وائرس کے خاتمے کی جاری کوششوں کے تحت خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے دوران 81 ہائی رسک اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 1 کروڑ 97 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے جو پاکستان کے پولیو کے خاتمے کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

انسدادِ پولیو مہم کے دوران پنجاب میں 40 لاکھ 4 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین دی گئی جبکہ سندھ میں تقریباً 87 لاکھ 27 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں 22 لاکھ 27 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین پلائی گئی اور خیبر پختونخوا میں تقریباً 40 لاکھ 25 ہزار بچوں کو ویکسین دی گئی۔ علاوہ ازیں مہم کے دوران اسلام آباد میں 4 لاکھ 79 ہزار، گلگت بلتستان میں 1 لاکھ 12 ہزار اور آزاد کشمیر میں 1 لاکھ 64 ہزار بچوں کو ویکسین پلائی گئی۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو والدین، سرپرستوں، سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے بھرپور تعاون کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے۔ پولیو ورکرز اور سکیورٹی اہلکار قوم کے ہیروز ہیں جن کی انتھک محنت اور لگن پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے سفر میں پیش رفت کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔ادھر، پنجاب کے نو اضلاع جن میں لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، مظفرگڑھ اور بہاولپور شامل ہیں، میں سیلاب کی وجہ سے خصوصی انسدادِ پولیو مہم مؤخر کر دی گئی ہے جس کے نتیجے میں رسائی اور آپریشنز متاثر ہوئے ہیں۔

ان اضلاع میں پولیو مہم کی نئی تاریخیں جلد اعلان کی جائیں گی تاکہ ہر بچے کو بروقت ویکسین فراہم کی جا سکے۔ جنوبی خیبر پختونخوا، باجوڑ اور اپر دیر میں مہم 15 ستمبر سے شروع ہوگی جس کے دوران مزید 16 لاکھ 80 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو ویکسین لازمی پلوائیں تاکہ بیماری سے تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ مہم کے دوران اگر کوئی بچہ یا بچی پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جائے تو فوری طور پر صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر کال کریں یا پولیو واٹس ایپ ہیلپ لائن 03467776546 پر پیغام بھیجیں۔ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات