Live Updates

سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں وفدکی گورنر خیبر پختونخواہ سے ملاقات

کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کا جزولاینفک ہیں،عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کیلئے آواز اٹھائی، چوہدری لطیف اکبر

منگل 9 ستمبر 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں آزادکشمیر کے پارلیمانی وفدنے گورنر ہاوس پشاور میں گورنر خیبر پختون خواہ فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔وفد میں سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان، وزراء حکومت فیصل ممتاز راٹھور،دیوان علی خان چغتائی، احمد رضا قادری،سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت،سپیشل سیکرٹری قانون ساز اسمبلی امجد لطیف عباسی و دیگرشامل تھے۔

قانون ساز اسمبلی کے پارلیمانی وفد کوگورنر خیبر پختون خواہ فیصل کریم کنڈی نے خوش آمدید کہا اور ظہرانہ دیا وفد نے تاریخی گورنر ہاوس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔گورنر نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

وفد نے سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی ہمایوں خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

اس موقع پرسابق وفاقی وزیر نجم الدین خان، سابق صوبائی وزیر سید ظاہر علی شاہ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ملاقات میں کشمیر کاز کمیٹی کے وفد نے ہمایوں خان سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کی۔اس موقع پر سپیکر قانون سازاسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کا جزولاینفک ہیں۔پاکستان بالخصوص خیبر پختون خواہ کے عوام نے ہمیشہ ہمارے لیے آواز اٹھائی۔

خیبر پختون خواہ کے سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔ سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی ہمایوں خان نے کہا کہپاکستان پیپلزپارٹی کی کشمیریوں کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کی تاریخ ہے،قائد عوام نے کشمیر پر ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا اعلان کیا تھا ان کی تیسری نسل کشمیر کے لیے سفارتی محاذ پر عمل پیرا ہے۔کشمیر پاکستان پیپلزپارٹی کی ہمیشہ سے ترجیح اول رہا کشمیری عوام سے محبت ہمارا ایمان ہے۔

کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی ساری سیاسی قوتیں متحد ہیں۔ہندوستان کے مقبوضہ کشمیر میں اٹھاے گئے اقدامات کو دنیا نے قبول نہیں کیا۔سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال بالخصوص آپریشن بنیان المرصوص کے بعد کشمیر دنیا بھر میں اجاگر ہوا۔ایک مضبوط متحد اور ناقابل تسخیر پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔

پاکستانی قوم کے لازوال محبت اور خلوص پر شکر گزار ہیں۔اس موقع پر ہمایوں خان کی جانب سے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔علاوہ ازیں سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں آزادکشمیر کے پارلیمانی وفدنے پشاور میں افغان قونصلیٹ کا دورہ کیا۔وفد نے طالبان نمائندگان سے افغانستان میں ہونے والے ہولناک زلزلہ میں جانبحق ہونے والوں کے لیے تعزیت اوردعائے مغفرت کی۔ افغان نمائندے نے اس موقع پر وفد کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات