نوجوان مصنف چوہدری سعود سلطان کی نئی کتاب ’’جموں و کشمیر: فراموش شدہ بیانیہ‘‘ کی تقریب رونمائی

منگل 9 ستمبر 2025 23:10

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) برسلز کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے صاحبزادے اور نوجوان مصنف چوہدری سعود سلطان کی نئی کتاب ’’جموں و کشمیر: فراموش شدہ بیانیہ‘‘ کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔ تقریب میں یورپی پارلیمنٹ کے ارکان، وکلا، صحافی، کمیونٹی رہنما اور کشمیری تنظیموں کے نمائندے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سعود سلطان نے کہا کہ یہ کتاب ایک تحقیقی کاوش ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کا حقیقی اور غیر مسخ شدہ بیانیہ اجاگر کرنا ہے تاکہ دنیا حقائق سے آگاہ ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ کتاب گیارہ ابواب اور تقریباً ڈھائی سو صفحات پر مشتمل ہے جس میں دلائل اور نکات کو تاریخی حوالوں اور بین الاقوامی قانون کی روشنی میں پیش کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق ابتدائی ابواب میں 1947 میں اقوام متحدہ میں بھارت کے مؤقف کو تاریخی تناظر اور معتبر شواہد کے ساتھ غلط ثابت کیا گیا ہے جبکہ آخری ابواب میں آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حاصل آزادیوں کا تقابلی جائزہ دیا گیا ہے۔تقریب کے میزبان چوہدری نصیر احمد، سابق رکن یورپی پارلیمنٹ ڈاکٹر سجاد حیدر کریم، جرمنی سے رکن یورپی پارلیمنٹ مائیکل گاہلر، سویڈن سے رکن یورپی پارلیمنٹ یوہنّا، مقامی صحافیوں اور سیاسی شخصیات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب مسئلہ کشمیر کی حقیقی تصویر پیش کرتی ہے اور قارئین کو اس کے مختلف پہلوؤں کو گہرائی سے سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔