پاکستان اور بحرین کا انسداد منشیات و سکیورٹی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر اتفاق

بدھ 10 ستمبر 2025 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) پاکستان اور بحرین نے دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنانے کےلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام ، انسداد منشیات، ایکسٹراڈیشن و میوچل لیگل اسسٹنٹس، پولیس ٹریننگ اور سپیشل بٹالین ٹریننگ کے شعبے میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ منگل کو ‎بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبد اللہ الخلیفہ کی وزارت داخلہ آمد پر ‎ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیر مقدم کیا۔

‎بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبد اللہ الخلفیہ نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ملاقات کی ۔ پاکستان اور بحرین کے وزرائے داخلہ کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے جس میں ‎ پاک بحرین تعلقات، انسداد منشیات، انسداد دہشت گردی، کوسٹ گارڈز، بارڈر سیکیورٹی اور پولیس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

‎دونوں ممالک نے انسداد دہشتگردی ، انسداد منشیات اور امیگریشن کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ‎انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے، یہ ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کا معاملہ ہے،‎پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس محدود وسائل کے باوجود قابل ستائش کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ‎اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے 146 ملین ڈالر کی تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری کی گئی ہے ۔

اس اجلاس سے انسدادِ منشیات کے شعبے میں مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے بحرین کی جانب سے اپنے سفارت خانے میں ڈرگ لائزن آفیسر کی تعیناتی کو بھی خوش آئند قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بحرین میں مقیم ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کی ترقی میں قابل قدر کردار ادا کر رہی ہے ۔ بحرین کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، ‎بحرین پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے،جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط سے دونوں ممالک کے مابین تعاون کو فروغ ملے گا۔

اس موقع پر ‎بحرین کے وفدکے ارکان، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ، ڈی جی اے این ایف، کمانڈنٹ این پی اے، چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد بھی موجود تھے۔