Live Updates

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ترکیہ کے قونصل جنرل ،ایرانی قونصل جنرل کی الگ الگ ملاقاتیں

بدھ 10 ستمبر 2025 20:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ترکیہ کے نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل مہمت ایمن سیمسک اور ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر نے گورنر ہاوس لاہور میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ گورنر پنجاب نے ترکیہ کے نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل مہمت ایمن سیمسک کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں قونصل جرنلز نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے جانی اور مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کا ایران اور ترکیہ کے ساتھ نہ ٹوٹنے والا برادرانہ رشتہ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں زراعت کے شعبے میں تعاون کوفروغ دینے کے وسیع مواقع ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ایران اور ترکیہ کے سرمایہ کار فیصل آباد،سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بالترتیب ٹیکسٹائل، سپورٹس اور کاپر انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے امکانات پر غور کر سکتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان بزنس کمیونٹی کے وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہوا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب کی وجہ سے لوگ جانی اور مالی نقصان کی وجہ سے بہت مشکل حالات سے گزر رہے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان دوحہ میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترکیہ کے قونصل جنرل مہمت ایمن سیمسک نے کہا کہ ترکیہ کے آرٹسٹوں کی لاہور میں نمائشوں اور پاکستانی آرٹسٹوں کی ترکیہ میں نمائشوں کے انعقاد سے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔ایرانی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا کہ ایرانی حکومت نے پاکستان کے ساتھ برادرانہ محبت کے رشتے کو مذید مستحکم کرنے کے لیے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی یوم پیدائش کے احترام میں 09 نومبر پر سرکاری سطح پر چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ گورنر پنجاب نے اس مثالی اقدام پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات