دوحہ حملے کے جواز میں اسامہ بن لادن کا حوالہ دینا مضحکہ خیز ہے، پاکستان کا اقوام متحدہ میں اسرائیل کو سخت جواب

جمعہ 12 ستمبر 2025 09:20

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) اقوام متحدہ میں پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کیے گئے حملے کے دفاع میں اسامہ بن لادن کے واقعے کا حوالہ دینے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اپنے حق جواب میں کہا کہ اسرائیل، جو خود ایک قابض، جارح اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والا ملک ہے، اب اپنی غیر قانونی کارروائیوں کو چھپانے کے لیے دوسروں پر انگلیاں اٹھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نہ صرف اقوام متحدہ اور اس کے عہدیداروں کو دھمکاتا ہے بلکہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی نظر انداز کرتا ہے اور خود کو مظلوم ظاہر کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسامہ بن لادن کے حوالے کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مؤقف اس واقعے پر ہمیشہ واضح رہا ہے اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے، جسے دنیا تسلیم کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر قربانیاں دی ہیں اور القاعدہ کو شکست دینے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔قطر کے وزیر اعظم نے بھی دوحہ پر اسرائیلی حملے کو ایک اقوام متحدہ کے رکن ملک کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مذاکرات کاروں اور ثالثی کے کردار کو نشانہ بنا کر امن کی کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے۔

پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل کے کمزور اور غیر مؤثر ردعمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سےاسرائیل کو اس کونسل کی خاموشی اور عدم فعالیت نے مزید بے باک بنا دیا ہے۔ اجلاس کے دوران پاکستان، قطر، الجزائر اور صومالیہ سمیت متعدد ممالک نے اسرائیل کی جارحیت پر شدید تنقید کی جبکہ پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل کی خاموشی کو اسرائیل کی بے باکی کا سبب قرار دیا۔