Live Updates

ًپیپلز پارٹی کو اپنے اصل منشور کی طرف لوٹنا ہو گا، شیخ رشید کی 23ویں برسی پر سیمینارسے مقررین کا خطاب

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:05

(لاہور (آن لائن) پیپلز پارٹی آج جمہوری سوشلزم کی لڑائی لڑ رھی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنے اصل منشور کی طرف لوٹنا ہو گا، زیادہ صوبوں کی بجائے بااختیار مقامی حکومتیں قائم کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے پیپلز سٹڈی سرکل کمیٹی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام بابائے سوشلزم شیخ رشید کی 23ویں برسی پر سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جسکی صدارت سینئر جرنلسٹ حسین نقی نے کی جبکہ مہمان خصوصی انچارج پیپلز لیبر بیورو اور ممبر سی ای سی چودھری منظور احمد تھے، نظامت کے فرائض ڈاکٹر ضرار یوسف نے انجام دئیے۔

سیمینار میں سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید، شہزاد سعید چیمہ،رضا اشفاق، چودھری اختر چھوکر، طارق خورشید، چودھری جاوید اختر،ڈاکٹر خالد جاوید جان،عابد ساقی، اداکار غلام محی الدین، بیرسٹر عامر اور خالد بلوچ، سردار آصف علی، عامر نصیر بٹ، بشری منظور مانیکا، شاہدہ جبیں، عمران اٹھوال، عارف خان، نصیر احمد، طاہر غالب نے شرکت کی جبکہ تقریب میں سابق صوبائی وزیر صحت بدر دین چودھری، فرخ سہیل گوئندی،بشیر چاند کے پیغامات بھی سیمینار میں سنائے گئے۔

(جاری ہے)

سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے چودھری منظور نے کہا کہ مودی بھارت کا ضیاء الحق ہے۔ انقلاب کا راستہ پیپلز پارٹی سے ہو کر گزرتا ہے۔ پاکستان اسوقت موسمیاتی تبدیلی کے شکار ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جنہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو تباہ کیا وہ اسکا خمیازہ اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ابھی تک ملک کے محنت کشوں، نوجوانوں، کسانوں اور مزدوروں کی جماعت ہے مگرحکمران بھٹو کی ایک ایک یاد مٹانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب زدگان کو ریسکیو کرنے کے بعد ابھی تک ریلیف نہیں دے سکی۔ گندم کی قیمت 3500 روپے من ہو چکی ہے۔ چودھری منظور نے کہا کہ پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا ہوا ہے۔ چودھری منظور نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے دورہ قصور میں انتظامیہ انہیں کسانوں سے نہیں ملوانا چاہتی تھی۔ قصور کے کسانوں نے بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا کہ مفت کھاد اور بیج،گھر بنانے کیلئے پیسے اور بجلی بل معاف کئے جائیں۔

شیخ رشید کو انکے نظرئیے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ سینئر جرنلسٹ حسین نقی نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ عوام کو طاقت کا سر چشمہ کہا گیا مگر وہ ہے نہیں۔ کیا وجہ ہے کہ آج فیصلہ سازی اسٹیبلشمنٹ کرتی ہی اسکی ایک ہی وجہ ہے کہ پاکستان میں کسی سیاسی جماعت کی جمہوری طریقے سے تشکیل نہیں ہوئی۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کو زندہ کرنا ہے تو ممبر شپ شروع کریں اور پیپلز پارٹی کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے نیچے سے اوپر تک تنظیم سازی کریں۔

شیخ رشید کے نواسے رضا اشفاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیدائشی طور پر پیپلز پارٹی کا کارکن ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے جاگیرداری، سرمایہ داری، امریمی سامراج کیخلاف جدوجہد کی۔بابائے سوشلزم جلوت اور خلوت میں بھی ایک ہی تھے۔ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے طارق خورشید، جاوید اختر، عابد ساقی، مشتاق لشاری، غلام محی الدین، عمار شاہ پنجابی، واجد شاہ، بیرسٹر عدنان، شاہدہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو آج شیخ رشید جیسے کمٹڈ لیڈر کی ضرورت ہے، شیخ رشید نے ذوالفقار علی بھٹو کو قائد عوام کا نام دیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بد قسمتی سے جاگیر داروں کا انداز سیاست اپنا لیا۔ بھٹو سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر گلی محلے میں لائے۔ مقررین نے مزید کہا کہ بااختیار کمیٹی بنا کر پنجاب میں نئی ممبرشپ مہم شروع کی جائے۔ پنجاب کی 128 تحصیلوں میں بے نظیر صوفی میلے کروائے جائیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب کی بحالی کیلئے خود مختار بیانیہ بنایا جائے اورکسی ایک ادارے کی بجائے تمام اداروں کو مضبوط بنائیں
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات