جمہوریت کی بحالی اور فروغ کے لیے پیپلز پارٹی کی جدوجہد ناقابلِ فراموش ہے، نفیسہ شاہ

پیر 15 ستمبر 2025 21:16

جمہوریت کی بحالی اور فروغ کے لیے پیپلز پارٹی کی جدوجہد ناقابلِ فراموش ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں جمہوری اقدار کے لیے کی گئی طویل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا قیام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو جیسے عظیم رہنماؤں کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ایک جمہوری اور پرامن معاشرے کے قیام کی بات کی ہے، کیونکہ خوشحالی اور ترقی کا دارومدار جمہوریت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو خاندان کی قربانیاں، خصوصاً شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی آخری سانس تک جمہوریت کے لیے جدوجہد، ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضیا آمریت کے دور میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے قید و بند، کوڑے اور اذیتیں برداشت کیں مگر جمہوری پرچم کو سرنگوں نہیں ہونے دیا۔

صدر آصف علی زرداری کی جانب سے بغیر کسی جرم کے کئی برس جیل میں گزارنا جمہوریت سے ان کی وابستگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم یومِ جمہوریت مناتے ہیں، تو ہم ان عظیم رہنماؤں اور کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے عوام کے حقوق اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ ان کی جدوجہد نہ صرف ماضی کا اثاثہ ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے جمہوری اقدار کی روشنی بھی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر شہری کو انصاف میسر ہو، اور جمہوریت کو بنیادی قدر کے طور پر تسلیم کیا جائے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا نظریہ آج بھی جمہوری پاکستان کے لیے واضح رہنمائی فراہم کرتا ہے۔