کراچی کے امن کو تباہ کرنے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں،جواد قادری

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)پاکستان سنی تحریک کراچی ڈویژن نے کراچی میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کر دیا۔روشنیوں کے شہر کو ایک بار پھر اندھیرے کی جانب دھکیلا جا رہا ہے۔پاکستان سنی تحریک کراچی ڈویژن کے صدر جواد قادری نے پولیس کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے اپنے جاری بیان میں کہا کہ کراچی کے امن کو تباہ کرنے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں۔

رواں سال میں دہشت گردی کے واقعات میں پولیس کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے اور 14 پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔کراچی میں پولیس کا خفیہ نیٹ ورک غیر فعال پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ کا سبب رہاہے۔کراچی کی تمام ڈسٹرکٹوں میں دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں۔دہشت گرد شہریوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں اور سرکاری افسران کو بھی کیوں انٹیلیجنس سسٹم کو ان لوگوں کی خبر نہیں ہے کیا وجوہات ہیں جو اس قدر دہشت گرد اپے سے باہر ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پوش علاقے سے دہشت گرد پولیس والے کو اغوا کر کے لے جاتے ہیں۔آخر کیوں قانون کا ہاتھ ان کے گریبان تک نہیں پہنچ پا رہا ہے۔کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری شہباز رضا قادری کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔چوری ڈکیتی اور دیگر وارداتوں کی طرح شیر قائد میں ٹارگٹ کلنگ میں بھی روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔جرائم پیشہ عناصر اور دہشتگرد پولیس کو ٹارگٹ کر رہے ہیں۔اس دہشت گردی کے نیٹ ورک کو اگر نہیں توڑا گیا تو آگے چل کے مشکلات بڑھتی جائیں گی۔ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا جبکہ دہشت گرد جب اور جہاں چاہیں اپنے ہدف کو نشانہ بنا کر فرار ہو جاتے ہیں۔