Live Updates

سینیٹر دنیش کمار کی زیر صدارت سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے پسماندہ علاقوں کے مسائل کا اجلاس

جمعرات 18 ستمبر 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے پسماندہ علاقوں کے مسائل کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ لاجز میں سینیٹر دنیش کمار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک کے پسماندہ علاقوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جن میں صحت، تعلیم، سائنسی تحقیق اور صنعتی ترقی کو خصوصی طور پر زیر بحث لایا گیا۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے کمیٹی کو پاکستان کونسل برائے سائنسی و صنعتی تحقیق (پی سی ایس آئی آر) کے کردار پر بریفنگ دی اور بتایا کہ ادارہ پسماندہ علاقوں میں ٹیکنالوجی اور صنعت کے فروغ کے لئے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔ بتایا گیا کہ 2004ء سے اب تک ادارے نے گلگت بلتستان، کوئٹہ، ڈسکہ، سوات، مینگورہ، بونیر اور چترال سمیت مختلف علاقوں میں فوڈ پروسیسنگ، معدنیات، ماربل، قیمتی پتھروں اور دیگر شعبوں میں تقریباً 20 ہزار نوجوانوں کو تربیت دی ہے جن میں سے 40 فیصد نے روزگار حاصل کیا ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ سکردو میں موبائل ٹریننگ سہولیات، ویلیو ایڈڈ مصنوعات جیسے جیم، سکوائش، ہربل ٹی اور فروٹ شربت، قیمتی پتھروں کی کٹنگ و پالشنگ سینٹر، منرل اینالیسس لیب اور سولر ڈرائر کی تیاری جیسے منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ اسی طرح اوتھل، بلوچستان میں لیڈ اوور کی بریفیکیشن، تھرپار کے چھاچھرو میں صاف پانی کے لئے واٹر پلانٹ اور کوئٹہ میں گرین ہاؤس بھی قائم کیا گیا ہے۔

پی سی ایس آئی آر کی نئی سکیموں پر بھی بریفنگ دی گئی جن میں ملتان میں 1.64 ارب روپے کی لاگت سے لیبارٹریز کا قیام، جنوبی پنجاب اور چترال میں پھلوں و سبزیوں کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات، حیدرآباد میں کیلے کے فائبر سے پائیدار مصنوعات، گوادر میں فائبر گلاس بوٹس کی تیاری، خیبر پختونخوا میں سیلاب زدہ علاقوں کو صاف پانی کی فراہمی اور پشاور میں زیتون کے تیل کے فضلے سے مویشیوں کی فیڈ بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔

اجلاس میں بلوچستان کے تعلیمی مسائل بھی زیر بحث آئے۔ بتایا گیا کہ سریاب میں پی سی ایس آئی آر کے ادارے میں گزشتہ پانچ برس میں صرف 18 طلبہ نے ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ (ڈی اے ای) پروگرام میں داخلہ لیا ہے۔ سینیٹر جان محمد نے کم داخلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ سماجی و معاشی مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔کمیٹی نے اجلاس میں سیکرٹری صحت کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا اور صحت کے امور پر بحث کو آئندہ اجلاس تک مؤخر کردیا۔ آئندہ اجلاس میں وزارت صحت کی تفصیلی بریفنگ کے ساتھ ساتھ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے دیگر امور پر بھی غور کیا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات