Live Updates

فلاحی اداروں کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اقدامات قابل ستائش ہیں، سلیم حیدر خان

جمعہ 19 ستمبر 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ فلاحی اداروں کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اقدامات قابل ستائش ہیں۔ پنجاب کے تمام ادارے اور مشینری سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی میںمصروف عمل ہیں۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم پہنچائی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں روٹری انٹرنیشنل سرگودھا کے صدر مختار مرزا کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا۔

ملاقات کے دوران وفد نے گورنرپنجاب کو سیلاب کے دوران امدادی سرگرمیوں کے بارے تفصیلی آگاہ کیا۔اس موقع پر دوران پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال ملک بھر میں شدید بارشیں ہوئیں اور بھارت کی جانب سے بھی وسیع پیمانے پر پانی چھوڑ دیا گیا جس سے شدیدسیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں غریب کسانوں کی فصلیں ، مال مویشی، مکانات اور قیمتی سرمایہ سیلابی ریلوں میں بہہ گیا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بروقت اقدامات کر کے کئی انسانی جانی و مالی نقصانات کو ہونے سے بچایا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں راشن ، خشک خوراک، ادوایات اور میڈیکل کیمپ سمیت دیگر ضروریات زندگی کی اشیا فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر آنے والے سیلاب کو حکومت اکیلے نہیں بلکہ عوام کو بھی مل کر متاثرین کی امداد اور بحالی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلاحی اداروں کو چاہئے کہ وہ سیلاب سے تباہ کاریوں کا جائزہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی ادارے ایک جگہ نہیں بلکہ پنجاب کے دیگر متاثرہ علا قوں میں بھی اپنی سرگرمیوں کوبڑھائیں تاکہ ہر متاثرہ افراد تک امداد پہنچ سکے۔وفد نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ روٹری انٹرنیشنل کے نمائندگان پورے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات