فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگرد جہنم واصلِ،آئی ایس پی آر

اتوار 21 ستمبر 2025 18:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگردوں کو واصلِ جہنم کر دیا۔ جن میں 3 افغان شہری اور 2 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 20 ستمبر کو خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک اہم آپریشن کیا۔

علاقے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ کارروائی کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 خوارج جن میں تین افغان شہری اور 2 خودکش بمبار بھی شامل تھے واصلِ جہنم ہو گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان، عبوری افغان حکومت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی اور اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی۔

آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو تلاش کر کے انجام تک پہنچایا جا سکے۔ پاک فوج ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔