سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی مملکتِ بحرین کے سپیکر احمد بن سلمان المسلّم سے ملاقات ،دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال

پیر 22 ستمبر 2025 22:30

منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مملکتِ بحرین کے سپیکر احمد بن سلمان المسلّم سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بحرین کے سپیکر کی خصوصی دعوت پر پارلیمانی وفد کے ہمراہ بحرین کے دورے پر ہیں ۔

پیر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے اپنے بحرینی ہم منصب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور مسلم دنیا میں امن و خوشحالی کے لئے یکساں وژن کے مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان کی پارلیمانی سفارتکاری کو مزید مؤثر بنانے اور خطے میں روابط کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم سنگِ میل ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے خاص طور پر انسانی امداد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے اور معصوم شہریوں بشمول بچوں، خواتین، بزرگوں اور طبی عملے کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔

دونوں پارلیمانی رہنماؤں نے ایک مشترکہ مؤقف اپناتے ہوئے قطر، یمن اور ایران پر اسرائیلی حملوں کو غیر قانونی، بلاجواز اور بلااشتعال قرار دیا اور انہیں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور ریاستی خودمختاری پر حملہ قرار دیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف خطے میں عدم استحکام پیدا کرتے ہیں بلکہ عالمی نظامِ انصاف اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی روح کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

جنوبی ایشیا کے تناظر میں بات کرتے ہوئےسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35-اے کے یکطرفہ و غیرقانونی خاتمے کو کشمیری عوام کے آئینی، قانونی اور تاریخی تشخص کو مجروح کرنے کے مترادف قرار دیا۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے بحرین کی جانب سے مظلوم مسلم اقوام، خصوصاً فلسطینیوں اور کشمیریوں کی اصولی حمایت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوموں کی آواز بن کر مسلم اُمہ میں اتحاد، انصاف اور امن کے قیام کے لئے سرگرم عمل رہے گا۔سپیکر بحرین احمد بن سلمان المسلّم نے فلسطینی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا اور ان دیرینہ مسائل کے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پرامن اور منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان کی تاریخی حمایت، علاقائی کردار اور پارلیمانِ پاکستان کی جانب سے فلسطین و کشمیر کے حق میں متفقہ قراردادوں کو سراہا اور پاکستان کے امن، انصاف اور کثیرالجہتی مکالمج کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر سپیکر احمد بن سلمان المسلّم نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کو فوجی آپریشن "معرکہ حق" کی کامیابی پر خصوصی مبارکباد پیش کی اور اسے عسکری و سفارتی میدان میں ایک فیصلہ کن کامیابی قرار دیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ہمراہ پارلیمانی وفد میں اراکین قومی اسمبلی میں ذوالفقار بہن، مسرت رفیق مہیسر، ملک شاکر بشیر اعوان، سردار شمشیر علی خان مزاری، عبدالعلیم خان محمد عثمان بادینی، حسن صابر، خورشید احمد جونیجو اور پلین بلوچ شامل ہیں۔