Live Updates

وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے کوریا کی تنظیم ہیونلی کلچر ورلڈ پیس ریسٹوریشن آف لائٹ کے وفد کی ملاقات

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے کوریا کی تنظیم ہیونلی کلچر ورلڈ پیس ریسٹوریشن آف لائٹ (ایچ ڈبلیو پی ایل ) کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد کی قیادت چیف برانچ منیجر، گلوبل 10 برانچ کم جون یون نے کی۔ ملاقات میں گفتگو کا مرکز ایچ ڈبلیو پی ایل کا پیش کردہ اعلانِ امن و خاتمہ جنگ(ڈی پی سی ڈبلیو ) رہا۔

وفد نے اپنے امن مشن اور انسانیت کی خدمت کے اقدامات پر روشنی ڈالی جن میں سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شامل ہیں۔ وفد نے کشمیر، فلسطین اور دیگر ممالک میں جاری انسانی بحرانوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے وفد کو بتایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانی دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ملکی قیادت پاکستان کو پائیدار امن اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے بھارت کی اشتعال انگیزیوں کا منہ توڑ جواب دینے اور ملکی خودمختاری کے تحفظ پر پاکستان کی افواج اور عوام کے عزم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔وفاقی وزیر نے پنجاب میں جاری سیلابی امدادی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کے تحت مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں تک بروقت ریلیف پیکجز پہنچائے جا سکیں، حکومت پنجاب بھی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

اس موقع پر حامد حمید (سابق وزیرِ مملکت) اور نوید عامر جیوا (رکن قومی اسمبلی) بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عالمی امن، انسانی خدمت اور سماجی تحفظ کے فروغ کے لئے تعاون مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ مکالمے اور باہمی سمجھ بوجھ کے ذریعے دنیا کو زیادہ پرامن بنایا جا سکے۔ یاد رہے کہ ایچ ڈبلیو پی ایل ایک بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم ہے جو عالمی امن کے لیے کام کر رہی ہے اور جس کا اقوام متحدہ کے ڈیپارٹمنٹ آف گلوبل کمیونیکیشنز اور اکنامک اینڈ سوشل کونسل (ECOSOC) کے ساتھ مشاورتی تعلق ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات