وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں پوری مسلم امہ کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی، عطاء اللہ تارڑ

جمعہ 26 ستمبر 2025 22:40

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں پوری مسلم امہ کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی اور فلسطین و کشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کیا، وزیراعظم نے فلسطینی بچی ہند رجب پر ظلم کو کربناک قرار دیا جسے بربریت سے شہید کیا گیا تھا۔

جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطینی عوام کی بھرپور ترجمانی کی اور ان کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھا جس پر جنرل اسمبلی میں موجود مندوبین نے وزیراعظم کے خطاب کو بھرپور پذیرائی دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ بھی نہایت موثر طریقے سے اجاگر کیا اور بھارتی جارحیت کے دوران شہید ہونے والے سات سالہ معصوم بچے ارتضیٰ عباس کا خصوصی ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کے پس منظر میں دنیا کو بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، ہم نے بھارت کے سات جنگی طیارے زمین بوس کئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے متاثر کن انداز میں اقوام عالم کے سامنے اہم نکات پیش کئے، وزیراعظم نے دنیا کے سامنے موسمیاتی تبدیلی سے نقصانات کا معاملہ بھی اجاگر کیا۔\932