وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حق میں خیرمقدمی مہم کا آغاز

لاہور کے مختلف مرکزی راستوں، شاہراہوں اور اہم چوراہوں پر الیکٹرانک بورڈز نصب کیے گئے ہیں ‘ سینئر وزیر مریم اورنگزیب

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء) سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اہلِ پنجاب کی جانب سے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حق میں خیرمقدمی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔لاہور کے مختلف مرکزی راستوں، شاہراہوں اور اہم چوراہوں پر الیکٹرانک بورڈز نصب کیے گئے ہیں جن پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصاویر نمایاں کی گئی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف کی مشترکہ تصاویر بھی آویزاں ہیں جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نئے تاریخی تعلقات کی عکاسی کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور اسٹریٹجک معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔

اس معاہدے کو خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار، مضبوط سفارت کاری اور عالمی سطح پر وزیراعظم شہباز شریف کی کامیابیوں کا مظہر قرار دیا گیا ہے۔’’پنجاب آپ کو خوش آمدید کہتا ہے‘‘کے عنوان سے چلائی جانے والی اس خیرمقدمی مہم نے عوامی سطح پر جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ شہری اس اقدام کو پاکستان کی مضبوط قیادت، مستحکم معیشت اور عالمی تعلقات میں نئی جہتوں کے آغاز سے تعبیر کر رہے ہیں۔

مزید برآں، سوشل میڈیا پر بھی (#PakistanRisingStronger) کے عنوان سے ایک ٹرینڈ شروع ہو چکا ہے، جس میں عوام نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کی قیادت پر اپنے اعتماد اور فخر کا اظہار کیا ہے۔یہ خیرمقدمی مہم نہ صرف پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان مثالی ہم آہنگی کو اجاگر کرتی ہے بلکہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو ایک نئے اور تاریخی باب میں داخل ہونے کی علامت بھی ہے۔