شکست خوردہ بھارتی فوجی قیادت کی پاکستان کیخلاف ایک بار پھر گیدڑ بھپکیاں

جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوجی قیادت ایک بار پھر پاکستان کے خلاف گیدڑ بھپکیاں دینے لگی۔پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست سے بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی آرمی چیف جنرل اوپندر دویدی نے ہرزہ سرائی کی ہے کہ اگر پاکستان دنیا کے نقشے پر موجود رہنا چاہتا ہے تو دہشتگردی کی حمایت روک دے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شکست خوردہ اوپندر دویدی نے راجستھان میں فوجیوں سے خطاب میں کہا کہ آپریشن سندور میں فوج نے جس ضبط کا مظاہرہ کیا وہ آئندہ نہیں کیا جائے گا۔انہو ں نے فوجیوں کو کسی بھی کارروائی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ادھر بھارتی فضائیہ کے سربراہ امر پریت سنگھ نے ایک مرتبہ پھر پریس کانفرنس میں بغیر کسی ثبوت و شواہد کے دعویٰ کیا کہ مئی میں ہونے والے پاک بھارت تنازع میں بھارت نے پاکستان کے 5 لڑاکا طیارے تباہ کیے۔

(جاری ہے)

امر پریت سنگھ نے کہا کہ بھارت نے جن طیاروں کو تباہ کیا ان میں ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیارے شامل ہیں۔صحافیوں نے امرپریت سنگھ سے پاکستان کی جانب سے بھارتی طیارے گرائے جانے کا سوال کیا جس کا بھارتی ائیر چیف نے کوئی جواب نہیں دیا۔ یاد رہے کہ امر پریت نے کچھ عرصہ پہلے بھی پاپاکستان کے پانچ جہار گرانے کا دعویٰ کیا تھا جس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے طیارے گرانے کے ان کے دعوے پر ردعمل میں دونوں ممالک کے طیاروں کے موجودہ ذخیرے کی آزادانہ تصدیق کا چیلنج دیا تھا۔

خیال رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیان شب بھارتی طیاروں نے پاکستان میں متعدد مقامات پر حملے کیے جن میں کئی شہری شہید ہوئے تھے۔ پاک فضائیہ نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے 6بھارتی طیاروں کو تباہ کیا تھا جن میں بھارت کے جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔بعد ازاں نے بھارت نے بزدلی دکھاتے ہوئے پاکستان کے شہروں پر ڈرون اور میزائل حملے شروع کردئیے جس کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے تحت بھارتی فضائی اڈوں اور دیگر فوجی اہداف کو بھر پور کامیابی کیساتھ نشانہ بنایا تھا۔