وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کو امن، کشمیر اور پاکستان دونوں کے عوام کی فتح قرار دیا

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی) کے ساتھ معاہدے پر دستخط کو امن، کشمیر اور کشمیر اور پاکستان دونوں کے عوام کی فتح قرار دیا۔ہفتہ کومظفر آباد سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مذاکرات کے کامیاب نتیجے اور خطے میں امن کی بحالی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ جے اے اے سی نے آزاد جموں و کشمیر میں عوامی مفادات اور گورننس کے مسائل پر احتجاج شروع کیا تھا، جس کی وجہ سے ابتدائی طور پر پرتشدد جھڑپیں ہوئیں اور پولیس اہلکاروں اور مظاہرین سمیت تین جانوں کا المناک نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے اور سب سے اہم بات ہم اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والوں کے خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال کومزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے وفاقی حکومت نے فوری مداخلت کی۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ کمیٹی سے مذاکرات کے لیے تشکیل دیئےگئے وفد میں وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام، وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال،وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، وزیر اعظم کے سابق مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ سابق صدر آزاد کشمیر مسعود احمد خان اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دو دن آزاد جموں و کشمیر میں رہے اور کمیٹی کے ساتھ بات چیت کے تین دور ہوئے ۔ ان کے مطالبات خالصتاً عوامی مفاد میں تھے۔انہوں نے کہا کہ ان مطالبات کو حل کرنے کے لیے مالی وسائل کی ضرورت ہے جس کے لیے وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے رابطہ کیا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ "پاکستان کو اس وقت جن مالی چیلنجز کا سامنا ہے، اس کے باوجود وزیر اعظم نے ہمارے وفد کو وفاقی حکومت کی جانب سے وعدے کرنے کا مکمل اختیار دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ آزاد جموں و کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے درکار فنڈز کے لئے اربوں روپے کی رقم فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے اراکین نے آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش اور بحران کے حل کے لیے اعلیٰ سطحی وفد بھیجنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ وفاقی حکومت نے کشمیری عوام کے درد کو صحیح معنوں میں محسوس کیا اور خلوص اور دردمندی کے ساتھ جواب دیا۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم نے آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں میں پاکستان کے لیے بے پناہ محبت اور اتحاد کے مضبوط جذبے کا مشاہدہ کیا۔ یہ بات چیت، جمہوریت اور باہمی احترام کی جیت ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سمیت اس کے اتحادی جماعتیں آزاد جموں و کشمیر کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے کام جاری رکھیں گی۔