آزاد وخود مختار فلسطینی ریاست کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، طاہر محموداشرفی

اتوار 5 اکتوبر 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہرمحموداشرفی نے کہا ہے کہ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ، پاکستان کیخلاف اسرائیل کو تسلیم کرنے کا پروپیگنڈہ کیا گیا،پاکستان نے ہر فورم پر مظلوم فلسطینیوں کی آواز بلند کی ،صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ انتہائی افسوسناک ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز جامع مسجد محمد رسول اللہ دارالعلوم حنفیہ مغل پورہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ کیا بے گناہ لوگوں کو قتل کرنا ، مسجدوں ،امام بارگاہوں،چرچز اور بازاروں میں بم دھماکے کرنا کونسا جہاد ہے ، اللہ تعالی نے قرآن مجید میں واضح فرمایا ہے کہ جس کسی نے ایک بے گناہ انسان کو قتل کیا ،اس نے پوری انسانیت کو قتل کیا ،ایسے گھنائونے واقعات کوانسانی سفاکیت کہا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ،پاکستان نے ہر فورم پر مظلوم فلسطینیوں کی آواز بلند کی ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطینی بھائیوں کی بہترین انداز میں نمائندگی اور پاکستان کا موقف پیش کیا ۔طاہر اشرفی نے کہا کہ فلسطین ہمارے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے،آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،فلسطین مسئلہ پر جسکا جو دل چاہتا ہے وہ کہہ دیتا ہے جبکہ ہمارے پاس زمینی حقائق موجود نہیں ہوتے،ہمارا مطالبہ صرف اور صرف آزاد وخود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد نے فلسطین کو پوری دنیا میں ریاست تسلیم کروانے کے لئے ایک مہم شروع کی جس کے نتیجہ میں متعدد ممالک فلسطین کو ایک آزاد اور خود مختار ریاست تسلیم کر نے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستان کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا ،وہ ممالک جو پاکستان سے ہاتھ ملانے سے کتراتے تھے ،آج وہ پاکستان وپاک افواج کی تعریفیں کر رہے اور پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہیں ۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں انارکی پھیلانے کیلئے ہندوستان سے اکائونٹ آپریٹ کیے جا رہے ہیں ،شرپسند عناصر پاکستان کے خلاف اسرائیل کو تسلیم کرنے کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، پاکستان اسرائیل کو بطور ریاست ہرگز تسلیم نہیں کر رہا اور نہ ہی اس کے ساتھ تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے ،ہمارا مطالبہ صرف آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے ،پاکستان کے اندر کوئی بھی کشمیر اور فلسطین سے غداری نہیں کر سکتا۔