بلاول بھٹو زرداری بیرسٹر مرتضی وہاب اور دیگر پی پی رہنماؤں کو لگام دیں،فیروز خان

پیر 6 اکتوبر 2025 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)ضلع ملیر کے صدر اور کے ایم سی میں مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی لیڈر فیروز خان نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب اور قومی سطح کی رہنما مریم نواز شریف سے مناظرہ کرنے کا دعوی کرنے والے مرتضی وہاب اپنا قد کاٹھ دیکھ کر بات کریں انہوں نے کہا کہ یہ ہر صوبے کا حق ہے کہ وہ اپنے وسائل کو کیسے، کب اور کہاں استعمال کرے پنجاب کے پانی کی بات کا پتنگڑ بنانے والی پیپلز پارٹی ہوش کے ناخن لے پنجاب کی ترقی پیپلز پارٹی کو ہضم نہیں ہو رہی انہوں نے کہا کہ جو میئر اپنے شہر اور شہریوں کے اعتماد پر پورا نہ اترتا ہو اسے ایسی باتیں کرنا زیب نہیں دیتیں ، اربوں روپے کا بجٹ ملنے کے باوجود شہر قائد کھنڈر بن چکا ، ما سوائے شاہراہ فیصل کے شہر کی تمام چھوٹی بڑی سڑکیں اور شاہراہیں موئنجودڑو کا منظر پیش کر رہی ہیں، چھ سال سے زائد عرصہ گزر چکا یونیورسٹی روڈ کھدا پڑا ہے دوسری طرف کریم آباد انڈر پاس کی صورتحال بھی اس سے کم نہیں عوام اذیت سے دوچار ہیں سیوریج اور پینے کے پانی کی لائنیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں شہری بنیادی سہولیات سے محروم، مون سون کی بارشوں نے میئر کراچی کی ناقص کارکردگی اور بیڈ گورننس کی قلعی کھل کر رہ رکھ دی مسلم لیگ ن کے سپاہی ایک عوام دشمن شخص کو قومی سطح کی رہنما مریم نواز کے کیخلاف ہرزہ سرائی کی متوالے اجازت نہیں دے سکتے متوالے اپنے قائدین کا تحفظ کرنا خوب اچھی طرح سے جانتے ہیں انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر زور دیا کہ وہ بیرسٹر مرتضی وہاب سمیت دیگر اپنے پارٹی رہنماں کو لگام دیں جو مریم نواز کے خلاف زہر افشانی کر رہے ہیں بصورت دیگر مسلم لیگ (ن)کے کارکنان سراپا احتجاج بن کر ایسا جواب دیں گے کہ پیپلز پارٹی کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔