Live Updates

آرمی چیف کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن)کو اپنے مسائل حل کرکے آگے بڑھنا چاہیے، رانا ثنا اللہ

ادھر سے کوئی مداخلت نہیں ہوگی ، اگر سیاستدان اپنے معاملات خود حل کریں تو وہ فریق مدد فراہم کرے گا، مشیروزیراعظم

بدھ 8 اکتوبر 2025 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے وفاقی اتحادی جماعتوں، (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی ، پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سیاسی اختلافات کو ختم کریں اور سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کے درمیان جاری تنازعے سے آگے بڑھیں۔تفصیلات کیم طابق گزشتہ کئی دنوں سے پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ کی پنجاب قیادت کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے، جو سیلاب زدگان کے لیے معاوضوں اور چولستان کینال منصوبے میں پانی کے حقوق جیسے معاملات پر شروع ہوئی۔

سندھ میں برسر اقتدار پیپلز پارٹی خاص طور پر پنجاب کی وزیراعلی مریم نواز کے بیانات پر برہم ہے، حالانکہ ان ( مریم نواز)کی جماعت (ن)لیگ وفاق میں بھی حکمران ہے۔ایک روز قبل، پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے اپنے اتحادی کو خبردار کیا تھا کہ اگر ان کی جماعت کی واضح حمایت نہ ملی تو سینیٹ میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہاکہ موجودہ سیاسی قیادت کو چاہیے کہ وہ ایک میز پر بیٹھ کر اپنے سیاسی اختلافات حل کرے، اور انہیں حل کر کے آگے بڑھنے کا راستہ نکالے۔

انہوں نے بظاہر اسٹیبلشمنٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ادھر سے کوئی مداخلت نہیں ہوگی اور مزید کہا کہ اگر سیاستدان اپنے معاملات خود حل کریں تو وہ فریق مدد فراہم کرے گا۔جب رانا ثنا اللہ سے پوچھا گیا کہ آیا یہ تنازع اس حالیہ قیاس آرائی سے متعلق ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر ملک کے صدر بن سکتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ متعلقہ حلقوں نے ایسی تمام باتوں کو پہلے ہی رد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے، اور یہ بات بالکل غلط ہے کہ ان کی کوئی اور نیت یا منصوبہ ہے۔سینیٹر ثناء اللہ نے کہا کہ آرمی چیف اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد گھر چلے جائیں گے اور ان کا وزیراعظم ہاس یا ایوانِ صدر آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات