Live Updates

آزاد جموں وکشمیر کے اندر الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کے لئے اپنا تن من دھن نچھاور کر دیں گے،سید افتخار حسین شاہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ کوٹلہ ومرکزی رہنما مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر سید افتخار حسین شاہ کی اہم ملاقات،موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال،سید افتخار حسین شاہ نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو حلقہ کوٹلہ کے دورہ کی دعوت دی جو انھوں نے قبول کر لی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے دنیا پاکستانی معیشت کی معترف ہے،پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین بھرپور اجاگر کیا بھارت اور اسرائیل دہشتگرد ممالک ہیں پاک سعودی دفاعی معاہدہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی بہترین حکمت عملی کی بدولت ملک کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے دنیا کا اب پاکستان پر اعتماد بڑھتا جارہا ہے مسلم لیگ ن نے جب بھی اقتدار سنبھالا ہے ملک کو بحرانوں سے نکالا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان سے جو معاہدہ کیا ہے وہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، روضہ رسول ﷺ اور خانہ کعبہ کی حفاظت کی ذمہ داری پاکستان کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں، پاک سعودی معاہدہ کے مطابق سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا جبکہ پاکستان پر حملہ سعودی عرب پر حملہ تصور ہوگا،معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت دی اور پاک افواج نے بھارت کے قیمتی رافیل طیارے گرائے اور بھارت کا غرور خاک میں ملایا اس موقع پر سید افتخار حسین شاہ نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو یقین دلایا کہ آمدہ الیکشن کے اندر ان شاء اللہ حلقہ کوٹلہ کی سیٹ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف کو جیت کر تحفے میں دینگے پورے آزاد جموں وکشمیر کے اندر الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کے لئے اپنا تن من دھن نچھاور کر دیں گے۔

Live غزہ امن معاہدہ سے متعلق تازہ ترین معلومات