اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) وفاقی
وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ
جیل میں بیٹھے شخص کے دور میں دہشت گردوں کو واپس لا کر ملک کو بہت
نقصان پہنچایا گیا،
تحریک انصاف کا انتشار پسند ٹولہ دہشت گردوں کا سہولت
کار ہے، نہتے شہریوں پر
حملہ کرنے والے اور مساجد، سکولوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، علی امین گنڈاپور کو دہشت گردوں کی مکمل سہولت کاری نہ کرنے پر ہٹایا گیا۔
جمعرات کو یہاں
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و امور خیبر پختونخوا اختیار ولی خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی
وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کہا کہ وزیراعظم
شہباز شریف اور
فیلڈ مارشل سید
عاصم منیر شہداء کے جنازوں میں شریک ہوئے، اورکزئی میں
شہید ہونے والے کرنل جنید، میجر طیب، ڈیرہ اسماعیل خان میں
شہید ہونے والے میجر سبطین اور ان کے جوانوں کی قربانیوں کو سنہری حروف سے قلمبند کیا جائے گا۔
(جاری ہے)
انہوں نے مادر وطن پر جان قربان کر دی اور ان کے خاندان فخر کا اظہار کر رہے ہیں اور یہ جذبات ظاہر کر رہے ہیں کہ ہمارے بچوں نے ملک پہ جان نچھاور کی ہے، ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ شہادت ان کے نصیب میں آئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تک ایسے بہادر جوان اس دھرتی پر جان نچھاور کرنے والے موجود ہیں مملکت خداداد کو انشاء اللہ
نقصان نہیں پہنچ سکتا، یہ وہ ہستیاں ہیں جن کے بچے یتیم ہو جاتے ہیں اور یہ بہادر افسر اور جوان ملک کی خاطر جام شہادت نوش کرتے ہیں تاکہ ہم اپنے گھروں میں
چین کی نیند سو سکیں اور ہمارے خاندان محفوظ رہ سکیں۔
جب کسی بیوہ سے یا کسی
شہید کی والدہ اور والد سے بات ہوتی ہے تو ان کے اطمینان کا اظہار دیکھنے کے قابل ہوتا ہے اور وہ شہادت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں میجر عدنان نے اپنے ساتھی کو بچاتے ہوئے عظیم قربانی دی۔ یہ وہ کہانیاں ہیں جو تا قیامت زندہ رہیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ملک میں ایک انتشاری ٹولہ موجود ہے جو ملک کے امن امان کو تباہ کرنا چاہتا ہے، جن کا ماضی بھی یہی ہے کہ جب ان کی حکومت تھی تو انہوں نے نیشنل ایکشن پلان کو ختم کر دیا تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آپریشن
ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد میں ہمیں کامیابیاں حاصل ہوئیں، دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کیا اور اللہ تعالی نے اس ملک کے اندر امن قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ
جیل میں بیٹھے ہوئے ایک شخص اور اس کی جماعت نے اپنے دور حکومت کے دوران انہی دہشت گردوں کو واپس لا کر بسایا اور آج تک ان کی سہولت کاری جاری ہے،
تحریک انصاف کا پورا انتشار پسند ٹولہ دہشت گردوں کا سہولت
کار بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین
پی ٹی آئی اپنے پرانے انٹرویوز میں کہہ چکے ہیں کہ یہ بڑے اچھے لوگ ہیں، ان سے بات چیت کرنی چاہیے ان کو واپس لا کر بسانا چاہیے اور دوسری طرف یہ عناصر بازاروں، مساجد اور تجارتی مراکز میں دھماکے کرتے ہیں، سکولوں تک کو نہیں بخشتے اور بے گناہ انسانوں کی جان لیتے ہیں۔ وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ریاست
پاکستان 27 رمضان کی شب معرض وجود میں آئی، یہ کلمے کے نام پر قائم ہونے والی ریاست ہے یہ انشاء اللہ تاقیامت قائم رہے گی۔
مٹھی بھر دہشت گردوں کو سہولت کاری
جیل میں بیٹھے ہوئے اس شخص سے ملتی ہے جو دہشت گردوں کا چیف سپانسر ہے اس نے پہلے بھی اپنی حکومت کے دوران دہشت گردوں کو واپس لا کر سیٹل ایریاز کے اندر بسایا، ان کی باحفاظت واپسی اور انہیں رہنے سہنے کی جگہ دی اور آج بھی کے پی کے کی سیاست اسی چیز کے گرد گھوم رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو
خیبرپختونخوا کا وزیراعلی نامزد کیا گیا ہے، بانی چیئرمین کو علی امین گنڈا پور سے رنجش یہ تھی کہ وہ دہشت گردوں کی سہولت کاری نہیں کر پا رہے تھے، انہیں کہا گیا تھا کہ تم دہشت گردوں کی سہولت کاری کرو اور ان کے خلاف کارروائیاں بند کرو، شاید علی امین گنڈا پور اس حد تک یہ مشن پورا نہیں کر سکے اب بانی چیئرمین ایک ایسے بندے کو سامنے لے آیا ہے جو ایک اشتہاری اور بھگوڑے مراد سعید کا قریبی ساتھی ہے اور دہشت گردوں کے حوالے سے بھی نرم گوشہ رکھتا ہے۔
سہیل آفریدی کو اس لئے لایا گیا ہے کہ سہولت کاروں کو مکمل طور پہ سپورٹ کیا جائے اور انہیں فری ہینڈ دیا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ
پاکستان کی سکیورٹی پالیسی الحمد اللہ
اسلام آباد میں بنتی ہے اور بنتی رہے گی،
تحریک انصاف چاہتی ہے کہ سکیورٹی پالیسی
کابل میں بنے اس کی قطعاً اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ملک کا بہت
نقصان کیا ہے، انہوں نے دہشت گردوں کو یہاں لا کر بسایا اور آج بھی ان کی سہولت کاری جاری رکھی ہوئی ہے، پچھلے 12 سالوں سے خیبر پختونخوا میں
پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور وہاں
دہشت گردی عروج پر رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاک
فوج کے جوان افسر دہشت گردوں اور عوام کے درمیان سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں، پاک
فوج کی قربانیوں کے نتیجے میں
دہشت گردی کا تدارک کیا جا رہا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ
جیل میں بیٹھا بانی چیئرمین
پی ٹی آئی دہشت گردوں کا چیف سپانسر ہے، انتشاری ٹولہ اس ملک کو
نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔
دہشت گرد کبھی بھی غلبہ حاصل نہیں کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتشار پسند لوگ سہیل آفریدی کے ذریعے سہولت کاری، گھروں میں ان کو پناہ اور سہولیات فراہم کرناچاہتے ہیں، سہیل آفریدی پر مقدمات اتنے ہیں کہ وہ ایک کرمنل مائنڈڈ آدمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج
پاکستان کی قربانیوں کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ آج بھی دہشت گردوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دے رہے اور اپنے خون سے یہ تاریخ لکھ رہے ہیں، یہ قربانیوں کی لازوال داستان ہے۔
وفاقی
وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج لندن کی ایک
عدالت نے اپنے فیصلے میں انتشار پسندوں کے منہ پرایک زوردار تماچہ رسید کیا ہے، یہ
پاکستان کے بیانیے اور ریاست
پاکستان کی جیت ہے اور اس سے
پاکستان کی عزت وو قار میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ
تحریک انصاف کے حواری اور شر پسند عناصر جہاں بھی موجود ہیں ذلت اور رسوائی ان کا مقدر بن رہی ہے۔
تحریک انصاف کا ایجنڈا بین الاقوامی سطح پر کورٹس کے اندر بھی پٹ گیا ہے اور انہیں شدید رسوائی کا سامنا کرنا پڑا جو لوگ
پاکستان کے اداروں،
فوج اور ریاستی اداروں پر کیچڑ اچھالتے، جھوٹے بیانات دیتے اور الزام تراشی کرتے تھے وہ تمام بیانیہ دفن ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ اب کوئی جواز نہیں بچا ہے کہ بیرون ملک بیٹھ کے کوئی
پاکستان کی ریاست پر
حملہ کرے اور اس کے خلاف بات کرے۔ یہ انتشاری ٹولے کی شکست ہے اور انشاء اللہ ان کو ہر میدان میں شکست ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ یہ بیانیہ کی
جنگ ہار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی سہولت کاری میں بھی ان کو ناکامی ہوگی ان کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑے گا ،اب کس منہ سے
دنیا کے مختلف کونوں میں بیٹھے انتشار پسند ریاست
پاکستان کے خلاف یا
فوج کے خلاف بات کریں گے؟ انہیں اپنے کئے کی سزا بھگتنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو
پاکستان کے خلاف
جنگ لڑ رہے ہیں اور
پاکستان کو
نقصان پہنچانا چاہتے ہیں انہیں منہ کی کھانا پڑے گی۔