ڈی آئی خان پولیس ٹریننگ سکول پر حملہ؛ 7 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک

دہشتگردوں کے حملے کے بعد فورسز نے فوری جوابی ایکشن لے کر انہیں ٹریننگ سکول کی حدود میں ہی گھیرلیا؛ پولیس

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 11 اکتوبر 2025 10:49

ڈی آئی خان پولیس ٹریننگ سکول پر حملہ؛ 7 اہلکار شہید، جوابی کارروائی ..
ڈیرہ اسماعیل خان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اکتوبر2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر دہشتگردوں کے حملے میں 7 اہلکار شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق حملے کے وقت علاقے میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں، اس دوران فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بناتے ہوئے 5 حملہ آوروں کو واصل جہنم کردیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا، اس کارروائی میں پولیس کے 7 اہل کار شہید ہوگئے، 13 زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے رات گئے آپریشن مکمل کیا گیا جس میں پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا، دہشتگردوں کے حملے کے بعد فورسز نے فوری جوابی ایکشن لے کر انہیں ٹریننگ سکول کی حدود میں ہی گھیرلیا، حملے کے وقت ٹریننگ سکول میں موجود تقریباً 200 پولیس ریکروٹس اور اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا، آپریشن کے دوران نادرا آفس اور اسکول کے تمام بلاکس کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) نے بتایا کہ ہندوستانی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر 7 اور 8 اکتوبر 2025ء کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے پاکستان کے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران ہمارے فوجیوں کی مؤثر کارروائی کی وجہ سے 19 بھارتی سپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف جن کی عمر 39 سال، ساکن ڈسٹرکٹ راولپنڈی نے سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت، عمر 33 سال، ساکن ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے ساتھ فرنٹ سے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔

آئی ایس پی آر سے معلوم ہوا کہ قربانی دینے والے 9 بہادر سپاہیوں میں نائب صوبیدار اعظم گل (عمر 38 سال، ساکن ڈسٹرکٹ خیبر)، نائیک عادل حسین (عمر 35 سال، ساکن ڈسٹرکٹ کرم)، نائیک گل امیر (عمر 34 سال، ڈسٹرکٹ ٹانک)، لانس نائیک شیر خان (عمر 31 سال، ڈسٹرکٹ ٹانک کا رہائشی)، لانس نائیک شیر خان (عمر: 31 سال، ضلع کرم کا رہائشی) شامل ہیں، اسی طرح لانس نائیک فراز (عمر 32 سال، رہائشی ضلع مانسہرہ)، لانس نائیک ارشاد حسین (عمر 32 سال، رہائشی ضلع کرم)، سپاہی طفیل خان (عمر 28 سال، رہائشی ضلع مالاکنڈ)، سپاہی عاقب علی (عمر 23 سال، رہائشی ضلع صوابی)، سپاہی محمد زاہد (عمر 23 سال، ضلع کرم کا رہائشی) بھی شہید ہوئے۔