Live Updates

خون کا حساب لینے کیلئے افغانستان میں داخل ہونا ہمارا حق ہے،خواجہ آصف

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 11:39

خون کا حساب لینے کیلئے افغانستان میں داخل ہونا ہمارا حق ہے،خواجہ آصف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خون کا حساب لینے کیلئے افغانستان میں داخل ہونا ہمارا حق ہے، افغان حکومت پاکستان کے خلاف اپنی زمین استعمال نہ ہونے کی ضمانت نہیں دے سکی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے لکھا کہ ہماری مٹی کے تقدس کو پامال نہ ہونے دیں، ہم بھی آپ کی زمین پر آنچ نہیں آنے دیں گے، کابل حکومت اس سلسلہ میں اب تک کوئی ضمانت نہیں دے سکی کہ ان کی سرزمین ہمارے خلاف بھارت نواز فتنہ استعمال نہیں کرے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہزاروں طالبان کو عمران خان نے پاکستان لا کے بسایا، آج بھی پی ٹی آئی دہشت گردوں سے مذاکرات کی بات کر رہی ہے، برسوں سے ہماری فوج اور عوام کا خون بہایا جارہا ھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کے ساتھ برسوں پہ محیط مذاکرات اور وفود کا کابل آنے جانے کے باوجود پاکستان میں خونریزی بند نہیں ہوئی، روزانہ فوجی جوانوں کے جنازے اٹھ رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 60لاکھ افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی قیمت ہم اپنے خون سے ادا کر رہے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ افغان مہمان اپنے گھروں کو جائیں اور یہ مفت بری اور محسن کشی بند کریں، یہ کیسے مہمان ہیں جو میزبانوں کا خون بہاتے ہیں اور قاتلوں کو پناہ میسر کرتے ہیں۔قبل ازیں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان میں بھارت کی سہولت کاری کی جارہی ہے، ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن افغان حکومت ضمانت لینے پر تیار نہیں، کالعدم طالبان کے لیڈر کو وہاں بلٹ پروف گاڑی دی گئی، دہشتگردوں کی سہولت کاری کی جارہی ہے کہ وہ نئی پناہ گاہیں بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے کابل میں کہا کہ اپنی سرزمین سے دہشتگردوں کو کنٹرول کریں، ہم آج بھی افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، افغان حکومت دہشت گردی کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر مجبور نہیں، افغان وزیر خارجہ دلی میں بیٹھ کر بیان دے رہے ہیں، کیا یہ بھارت کی اجازت سے مذاکرات کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات