Live Updates

مریم نواز سے گرینڈ نیشنل اسمبلی آف ترکیہ کے سپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان کرتلمش ،آذربائیجان کی ملی مجلس کی سپیکرصاحبہ غفاروا کی ملاقات

منگل 14 اکتوبر 2025 21:34

مریم نواز سے گرینڈ نیشنل اسمبلی آف ترکیہ کے سپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے گرینڈ نیشنل اسمبلی آف ترکیہ کے سپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان کرتلمش اور آذربائیجان کی ملی مجلس کی سپیکر صاحبہ غفاروا نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ترکیہ اور آذربائیجان کے پارلیمانی وفد کا خیر مقدم کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے عوام کی جانب سے ترکیہ اور آذربائیجان کی قیادت کے لئے خیرسگالی کا پیغام بھی بھی دیااور مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت پر دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کی غیر مشروط حمایت کرنے پر ترکیہ اور آذربائیجان کی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

آذربائیجان اور ترکیہ وفد کے شرکاء نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی شاندارمیزبانی اور پرتپاک خیر مقدم پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں تعلیم، صحت، آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ترکیہ اور آذربائیجان بردار ملک سے بڑھ کر ہیں، سہ ملکی اشتراک کار خوش آئند ہے۔ ترکیہ اور آذربائیجان ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔ لاہور پنجاب کی روح ہے، یہاں کے لوگ محبت کرنے والے ہیں۔ آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ میں پاکستان کی فتح دراصل دوست ممالک اور امت مسلمہ کی فتح ہے۔ ترکیہ اور آذربائیجان کے پارلیمانی وفود کا دورہ باہمی روابط مزید مستحکم بنائے گا۔

پاکستان، ترکیہ اور آذرئیجان کا پارلیمانی مکالمہ خوش آئند امر ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب نے تاریخ بد ترین سیلاب میں تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو ریلیف اور انخلا آپریشن کیا۔ترکیہ اور آذربائیجان سے محبت مجھے والد محمد نواز شریف سے ورثے میں ملی۔ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے ہر پراجیکٹ میری ترجیح ہے۔

چند ماہ میں 90ہزار گھر بنا کر ریکارڈ قائم کیا۔ایگریکلچر میکانائزیشن کے ذریعے پنجاب کی زراعت کو نئے خطوط پر استوار کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا پبلک سیکٹرکینسر ہسپتال بنانے جارہے ہیں۔ گڈگورننس کے لئے طیب اردوان کا کے پی آئی ماڈل پنجاب میں متعارف کرایا۔ ستھرا پنجاب دنیا کا سب سے بڑا اور مربوط سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ ترکیہ کا ادارہ پاک ترک معارف پاکستان میں قابل قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ پنجاب میں ایک ہزار سے زائد ٹورسٹ سائٹ اور کوریڈور متعارف کر ائے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ مذہبی ،ماحولیاتی،میڈیکل اور وائلڈ لائف ٹورازم کو متعارف کرارہے ہیں۔ ترکیہ اور آذربائیجان کی پارلیمانی قیادت کی آمد باعث مسرت ہی- ترکیہ اور آذربائیجان پاکستان کے مابین ایمان، دوستی اور باہمی احترام پر مبنی رشتوں کی تجدید ہے۔

ترکیہ اور آذربائیجان کی پارلیمانی قیادت کے وفد کا دورہ مشترکہ لیڈر شپ ویژن کی عکاسی ہی-ترکیہ، آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان سیاسی، پارلیمانی اور عوامی روابط سے تاریخی تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں-انہوںنے کہا کہ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان نہ صرف اقدار بلکہ شاندار تاریخی ورثہ کے امین ہیں-پاکستان،ترکی اور آذربائیجان کا اشتراک کار خطے میں امن،استحکام اور ترقی کی نوید ہے۔

پاک ترک آذر بائیجان کا باہمی تعاون اخوت اور یکجہتی کی علامت ہے۔ پاکستان،ترکی اور آذربائیجان کے درمیان پارلیمانی مکالمہ، دوستی اور عوامی تعلقات کا مظہر ہے۔ اسمبلی وفود کے تبادلوں سے باہمی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔پاکستان مسئلہ کشمیر پر ترکیہ اور آذربائیجان کے اصولی مؤقف کی دل سے قدر کرتا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بادشاہی مسجد، لاہور قلعہ، شالامار باغ اور وزیر خان مسجد مسلم تہذیب و ایمان کی خوبصورتی کی علامت ہیں۔

لاہور کی روحانی شناخت بہت گہری اور مضبوط ہے۔ای سی او کی جانب سے لاہور کو سیاحتی دارالحکومت 2027 قرار دیے جانے کے لیے تیار ہے۔ ترکیہ، آذربائیجان اور پاکستان ایمان و ثقافت سے آگے بڑھ کر پائیدار ترقی کے لیے تعاون پر بھی پرعزم ہیں-ترکیہ اور آذربائیجان کی پارلیمانی قیادت کے وفد کی ملاقات امت مسلمہ کے اندر اتحاد، مکالمے اور باہمی احترام کے یقین کی علامت ہے۔

پنجاب ترکیہ اور آذربائیجان کا اپنے دوسرے گھر کی مانند ہی- دعا ہے کہ ترکیہ اور آذربائیجان کے وفد کا دورہ ہمارے پارلیمانوں، عوام اور اقوام کے درمیان مزید مضبوط شراکت کا نقطہ آغاز ثابت ہو-وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکرصاحبہ غفاروا سے ملاقات پر اظہار مسرت کیا۔ترکیہ اورآذر بائیجان کے پارلیمانی وفد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے پرتپاک خیرمقدم اور شاندار میزبانی پر دل کی گہرائی سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ترکیہ اور آذربائیجان کے وفود کے شرکاء نے پنجاب میں ڈویلپمنٹ، بالخصوص تعلیم، صحت کے شعبوں میں اختراعی تبدیلیوں کو سراہا۔ترکیہ کے سپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان کرتلمش نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، تعلیم سمیت ہر شعبے میں اشتراک کار پر کے لئے تیار ہیں۔انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے پرتپاک خیرمقدم اور شاندار میزبانی پر دل کی گہرائی سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

آذربائیجان کی ملی مجلس کی سپیکر صاحبہ غفاروا نے کہا کہ پنجاب بالخصوص لاہور خوبصورت شہر ہے ، دورہ کرنا اچھا لگا۔ ملک محمد احمد خان سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ ملکی تعلقات خوش آئند ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد کان نے بھی ترکیہ اور آذربائیجان وفود کا خیر مقدم کیا۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات