غزہ معاہدہ پر دستخط میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شامل تھے کیونکہ پاکستان امن کاخواہاں ہے،گورنرسندھ کامران ٹیسوری

منگل 14 اکتوبر 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ غزہ معاہدہ پر دستخط میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شامل تھے کیونکہ پاکستان امن کاخواہاں ہے،جمعہ کو ہم شکرانہ کے نوافل ادا کریں گے،اب اگلا مرحلہ غزہ کی تعمیر و ترقی پر کام ہوگا،اگر فلائٹ کھلتی ہے تو میں پہلا گورنرہوں گا جوامدادی سامان لے کر فلسطین کا دورہ کرے گا۔

گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ آج صدر ٹرمپ کی تقریر میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ذکر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے ساتھ پاکستان بھی فلسطین کی ترقی کے لئے کام کرے گا۔

(جاری ہے)

مخیر حضرات دوست احباب سے بات ہوئی ہے وہ بھی فلسطین کے ترقیاتی کاموں میں شریک ہونا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں آج خوشیاں منائی جارہی ہیں اب اس پر اپنے ملک میں نقصان نہ پہنچائیں۔سڑکیں جام مت کریں،ملک ترقی کی سمت چل پڑا ہے،انشاءاللہ پاکستان بھرپور ترقی کرے گا۔ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ حضرت علی ؓکا قول ہے کہ جس پر احسان کرو اس کے شر سے بھی بچو، افغانی ، بھارت کی ایما پر اپنے ہی محسن پر حملہ آور ہیں جبکہ آج بھی لاکھوں افغانی پاکستان میں کاروبار کررہے ہیں۔