Live Updates

دہشت گردی کیخلاف جنگ قومی بقا کی جنگ ہے، میر سرفراز بگٹی

نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ،مسلسل اور بامقصد مکالمہ ہی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ، وزیر اعلیٰ بلوچستان کا نیشنل یوتھ سمٹ سے خطاب

بدھ 15 اکتوبر 2025 20:10

�وئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں ان کے ساتھ مسلسل اور بامقصد مکالمہ ہی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے انہوں نے کہا کہ ریاست کے پاس مصدقہ ثبوت موجود ہیں کہ بیرون ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصر منظم انداز میں نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کر رہے ہیں تاہم ایسے عناصر کی شکست یقینی ہے کیونکہ پاکستان کی بنیاد صداقت قربانی اور اتحاد پر رکھی گئی ہے یہ بات انہوں نے بدھ کو بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ میں منعقدہ نیشنل یوتھ سمٹ 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب اور طلبہ کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے دور میں تصورات نے حقائق کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ایسے میں ضروری ہے کہ نوجوان تحقیق دلیل اور سچائی کو اپنا شعار بنائیں انہوں نے کہا کہ مقبول بیانیہ کا ہونا ضروری نہیں حق پر ہونا ضروری ہے اسلامی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ابو جہل کا بیانیہ اس وقت مقبول ضرور تھا مگر وہ باطل پر تھا نوجوانوں کو گرینڈ ڈائیلاگ کے ذریعے حقائق سے آگاہ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ریاست پاکستان کا آئین مظلوم کے ساتھ کھڑا ہے جس عورت کے شوہر اور بیٹے کو موسیٰ خیل میں اس کے سامنے گولی ماری گئی ریاست اس عورت کے ساتھ ہے سرفراز بگٹی مظلوم کے ساتھ کھڑا رہے گا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عوام سے وعدہ کیا تھا کہ صوبے میں احتجاج کے نام پر کوئی سڑک بند نہیں ہوگی اور آج بلوچستان کی کوئی شاہراہ بند نہیں ہم نے وعدہ پورا کیا ریاست کی رٹ بحال کر دی ایک صوبے میں خواتین کی بالیاں چھیننے والوں کو گولی مار دی جاتی ہے لیکن بلوچستان میں ہمیں ان عناصر سے مذاکرات کے بھاشن دیے جاتے ہیں جو ریاست توڑنے کے خواب دیکھتے ہیں ایسے لوگوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے ہر ہائی اسکول کالج اور یونیورسٹی میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرے گی تاکہ نوجوان جدید تعلیم اور تحقیق سے منسلک رہیں تاہم جہاں انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہوا یا دہشت گردی کا اندیشہ پیدا ہوا وہاں فور جی سروسز معطل کی جائیں گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ قومی بقا کی جنگ ہے آج سرفراز بگٹی اور اس کی کابینہ دہشت گردی کے خلاف صف اول میں کھڑی ہے ہمیں سب کو کھڑا ہونا ہوگا ورنہ یہ جنگ ہر گھر تک پہنچ جائے گی انہوں نے افغان بارڈر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر حملہ ہوگا تو افغانستان پر بھی اس کے اثرات پڑیں گے افغانستان نے قیام پاکستان کی مخالفت کی بلوچستان کے پہلے علیحدگی پسند آغا عبدالکریم کو پناہ دی اس کے باوجود ہم نے دہائیوں تک افغان مہاجرین کی میزبانی کی لیکن اب ون ڈاکیومنٹ ریجیم پر عمل درآمد ناگزیر ہے جب حج اور عمرہ بغیر پاسپورٹ ویزہ کے ممکن نہیں تو غیر ملکیوں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے ریاست ہر چیز سے مقدم ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے پاس مصدقہ شواہد ہیں کہ بلوچ علیحدگی پسند رہنماء افغانستان میں موجود ہیں انہوں نے چمن میں گزشتہ شب ہونے والے واقعے میں پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی شہادت پر قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر جب بھی چیلنج آیا پاک فوج نے اس کا ادراک کیا اور بروقت جواب دیا فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور پاک فوج کے ہر افسر و سپاہی کو سلام پیش کرتا ہوں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں پوست کی کاشت پر مکمل پابندی عائد ہے اس غیر قانونی کاشت میں ملوث زمینداروں کے خلاف نہ صرف قانونی کارروائی کی جائے گی بلکہ ان کے ٹیوب ویل مہندم کیے جائیں گے اور زمینوں پر ایسا اسپرے کیا جائے گا کہ وہ دوبارہ قابل کاشت نہ رہیں انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے آنا ہوگا صوبائی حکومت نے یوتھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سولہ ارب روپے مختص کیے ہیں جس سے سولہ ہزار نوجوان مستفید ہو رہے ہیں ایک اچھا پلمبر ایک بڑے انجینئر سے بہتر ہے کیونکہ عملی ہنر ہی حقیقی ترقی کی بنیاد ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے مائنز اینڈ منرل ایکٹ کو اتفاق رائے سے اسمبلی میں دوبارہ پیش کیا گیا ہے تاکہ اس پر وسیع اتفاق رائے ہو اور قدرتی وسائل کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں انہوں نے کہا کہ صوبے کی معاشی ترقی کے لیے اسپیشل اکنامک زونز قائم کیے جا رہے ہیں جہاں سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ میرٹوکریسی اور شفافیت ہی وہ بنیادیں ہیں جن سے کرپشن ختم ہوگی اور نوجوانوں کا اعتماد بحال ہوگا انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈے اور ناقص طرز حکمرانی کے باعث ریاست اور نوجوانوں کے درمیان جو خلیج پیدا کی گئی تھی ہم اسے میرٹ اور مکالمے کے ذریعے ختم کریں گے بلوچستان کے مجموعی بجٹ کا اسی فیصد حصہ غیر ترقیاتی اخراجات پر خرچ ہوتا ہے جبکہ اسی ارب روپے صحت کے شعبے کے لیے مختص کیے گئے ہیں صوبائی حکومت اصلاحات کے عمل سے گزر رہی ہے ہم نے درست سمت کا تعین کر لیا ہے جس کے اثرات بتدریج نمایاں ہوں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یوتھ پالیسی متعارف کرائی ہے بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام اور یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہزاروں طلبہ و طالبات مستفید ہو رہے ہیں صوبے میں غیر حاضری اور غفلت کے باعث اٹھارہ سو اساتذہ کو برطرف کیا جا چکا ہے تاکہ تعلیمی نظام کو فعال اور مؤثر بنایا جا سکے تعلیم کے شعبے میں نظم و ضبط قائم کیے بغیر ترقی کا خواب ممکن نہیں ،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کو اسکالرشپ اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کر رہی ہے محکمہ زکوٰ? کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساٹھ کروڑ روپے کی تقسیم کے لیے پونے دو ارب روپے انتظامی اخراجات پر صرف ہوتے ہیں یہ نظام ناقابل قبول ہے ہم اسے درست کرنے جا رہے ہیں تاکہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہو وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ کام کے مقامات پر خواتین اور بچیوں کو ہراسمنٹ سے محفوظ رکھنے کے لیے صوبے میں ویمن پروٹیکشن فورس قائم کی جائے گی جو فوری کارروائی اور تحفظ کو یقینی بنائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ بلوچستان اصلاحات امن تعلیم اور میرٹ کے سفر پر گامزن ہے ہم اپنے کاموں کی تشہیر کے بجائے وسائل عوام کی بنیادی ضروریات پر خرچ کر رہے ہیں نوجوانوں کا عزم خواتین کا اعتماد اور عوام کا اتحاد یہی بلوچستان کی اصل طاقت ہے اور یہی ریاست پاکستان کی بنیاد ہے۔

Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات