پاکستان کبھی سرینڈر نہیں کریگا، معرکہ حق اتحاد کی فتح ہے،بلاول بھٹو زرداری

معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے ،کامیابی کے بعد اب ذمے داری ہے کہ ملک کو مزید مضبوط بنایا جائے، چیئر مین پیپلز پارٹی

پیر 4 مئی 2026 16:25

پاکستان کبھی سرینڈر نہیں کریگا، معرکہ حق اتحاد کی فتح ہے،بلاول بھٹو ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2026ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی سرینڈر نہیں کرے گا اور نہ ہی برداشت کرے گا، ہم سمجھوتہ کرنے والی قوم نہیں ہیں، معرکہ حق ہم سب کی یکجہتی کی جیت ہے۔معرکہ حق کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک سال قبل پاکستان غیر یقینی صورتِ حال کا شکار تھا تاہم قوم کے اتحاد نے دشمن کے تمام اندازے غلط ثابت کر دیے۔

اٴْنہوں نے کہا کہ دشمن سمجھتا تھا کہ پاکستان کو کمزور کیا جا سکتا ہے مگر وہ قوم کے عزم سے واقف نہیں تھا، یہ کامیابی صرف ہتھیاروں کی نہیں بلکہ حوصلے، یکجہتی اور قومی طاقت کی جیت ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسلح افواج نے میدان جنگ میں جرات اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی جبکہ سفارت کاروں نے عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پاکستان کا موقف پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے اور کامیابی کے بعد اب ذمے داری ہے کہ ملک کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر امن باہمی عزت اور احترام کے ساتھ ہونا چاہیے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شمال کے پہاڑوں سے لے کر بحیرہ عرب کے ساحلوں تک اور پنجاب کے کھیتوں سے سندھ و بلوچستان کے صحراؤں تک پوری قوم ایک صف میں کھڑی رہی، جس نے اتحاد کی نئی مثال قائم کی۔