چارسدہ ، سابق ایم پی اے شیخ الحدیث مولانا ادریس قاتلانہ حملے میں جاں بحق

منگل 5 مئی 2026 16:29

چارسدہ ، سابق ایم پی اے شیخ الحدیث مولانا ادریس قاتلانہ حملے میں جاں ..
چارسدہ/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے معروف عالم دین اور سابق ایم پی اے شیخ الحدیث مولانا ادریس جاں بحق ہوگئے جبکہ صدر مملکت آصف علی زر داری ، وزیراعظم شہبازشریف ، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن و دیگر رہنمائوں اور وفاق المدارس العربیہ نے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔

منگل کوپولیس کے مطابق واقعہ اتمانزئی کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے مولانا ادریس کی گاڑی کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ، ان کے ساتھ موجود دو گن مین شدید زخمی ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق مولانا ادریس کی نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر چارسدہ بھی واقعہ کے بعد ہسپتال پہنچے اور شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کارکنوں کو یقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انصاف ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے شیخ الحدیث مولانا ادریس کی شہادت کو صرف صوبہ ہی نہیں بلکہ ملک کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے کہا کہ شہید کی زندگی دین کے پرچار اور امن کے فروغ میں صرف ہورہی تھی، ایسے علماء فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے آنکھوں میں کھٹکتے ہیں، قاتلوں کو عبرت کا نشانہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔ اپنے بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چارسدہ میں مولانا محمد ادریس ترنگزئی پر حملے اور ان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ ایسے بزدلانہ، دہشت گردانہ اقدامات سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے، وطنِ عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔ صدر آصف علی زرداری نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور اللّہ تعالیٰ سے ان کی درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چارسدہ میں جے یو آئی کے سابق ایم پی اے اور ممتاز عالم دین مولانا محمد ادریس ترنگزئی پر حملے اور ان کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

انہوں نے واقعے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔اپنے بیان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے شیخ الحدیث ،سابق ایم پی اے ،رکن مرکزی مجلس شوریٰ جے یو آئی مولانا ادریس کی شہادت کی مذمت و اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ شیخ الحدیث مولانا ادریس کی شہادت کی خبر سے دل رنجیدہ ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ مولانا ادریس نے اسلام اور پاکستان کے دفاع کی قیمت چکائی ہے۔

انہوںنے کہاکہ سفید ریش عالم دین کی شہادت قرآن وسنت اور پاکستان کی بات کرنے والوں پر حملہ ہے۔انہوںنے کہاکہ علماء پاکستان کے بے لوث نظریاتی محافظ ہیں،لیکن ان کی حفاظت کا کوئی انتظام نہیں۔انہوںنے کہاکہ مولانا شہید نے ہمیشہ امن کی بات کی ،افسوس کہ آج وہ خود بدامنی کا شکار ہوگئے ۔انہوںنے کہاکہ مولانا ادریس بلند پایہ عالم ،نکتہ داں واعظ اور مدبر سیاستدان تھے۔

انہوںنے کہاکہ مولانا شہید کی پوری زندگی دین کی اشاعت وخدمت میں گذری۔انہوںنے کہاکہ مولانا شہید سے برسوں پر محیط اعتماد ، شفقت اور دوستی کا دیرینہ تعلق تھا۔انہوںنے کہاکہ سفاک ظالموں نے ہمیں مخلص دوست اور باوفاء رہنماء سے محروم کردیا۔انہوںنے کہاکہ مولانا دینی امور سمیت سیاسی معاملات میں صاحب الرائے اور دلیل کی بنیاد پر موقف رکھتے تھے۔

انہوںنے کہاکہ دارالعلوم حقانیہ کے درودیوار اور ہزاروں طلباء سمیت جے یو آئی کا ہر کارکن غمزدہ ہے۔انہوںنے کہاکہ اللہ کریم مولانا کی شہادت کو قبول فرمائے اور ان کی خدمات کو ان کے لئے صدقہ جاریہ بنائے۔انہوںنے کہاکہ قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے،لاقانونیت اور دہشت گردی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اپنے بیان میں جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفورحیدری نے شیخ الحدیث مولانا ادریس کی شہادت پر گہرے غم ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ شیخ الحدیث مولانا ادریس کی شہادت قومی سانحہ ہے، خلا دیر تک پٴْر نہیں ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ علمائے کرام کو نشانہ بنانا ملک میں بدامنی پھیلانے کی سازش ہے۔انہوںنے کہاکہ شیخ الحدیث مولانا ادریس نے دین اور ملک کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں ۔ مولانا غفور حیدری نے کہاکہ شہید رہنما کی جدائی جے یو آئی کے لیے بڑا صدمہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرے اور انصاف فراہم کرے۔انہوںنے کہاکہ علماء کی سکیورٹی یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوںنے کہاکہ ایسے واقعات برداشت نہیں کئے جا سکتے، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ مولانا ادریس ایک مدبر عالم اور سنجیدہ سیاسی رہنما تھے۔انہوںنے کہاکہ شہید کی دینی و سیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات نہ ہوئے تو حالات مزید خراب ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ پوری قوم اس واقعے پر افسردہ ہے، ہم غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ملک میں امن کے قیام کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں ۔دریں اثناء وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، سینئر نائب صدر وفاق مولانا انوار الحق، ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری اور دیگر نے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان پر حملے کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا۔

وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ مولانا ادریس ایک بزرگ اور نامور عالم دین تھے جن کے تلامذہ اور شاگرد ہزاروں ک تعداد میں پوری دنیا میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا ادریس ایک بے ضرر عالم دین تھے جو زندگی بھر درس حدیث کی مسند پر جلوہ افروز رہے۔وفاق المدارس کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ شیخ الحدیث مولانا ادریس کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے۔

وفاق المدارس کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ تمام ممتاز علماء کرام کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے اور ریاست علماء کرام کے معاملے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔وفاق المدارس کے قائدین نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک اور جامعہ نعمانیہ چارسدہ کی انتظامیہ،اساتذہ و طلبہ اور شیخ الحدیث مولانا ادریس صاحب کے دنیا بھر میں پھیلے شاگردوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی_ وفاق المدارس کے قائدین نے تمام مساجد کے ائمہ و خطباء اور دینی مدارس کے ذمہ داران سے شہید مولانا ادریس کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنے کی اپیل کی۔