Live Updates

افواج پاکستان کی جانب بھارت کو شکست دینے اور معرکہ حق کی کامیابی پر فیلڈمارشل اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں، شاہی سید

کے پی کے حکومت بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بجائے صوبے کے مسائل پر توجہ دے۔غیر قانونی افغانیوں کو نکالیں لیکن ان کی آڑ میں پختونوں کو نشانہ نہ بنائیں

بدھ 6 مئی 2026 21:00

․&کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صوبائی صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کی جانب بھارت کو شکست دینے اور معرکہ حق کی کامیابی پر فیلڈمارشل اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔اے این پی کو اپنی افواج پر فخر ہے۔کے پی کے حکومت بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بجائے صوبے کے مسائل پر توجہ دے۔غیر قانونی افغانیوں کو نکالیں لیکن ان کی آڑ میں پختونوں کو نشانہ نہ بنائیں۔

افغانستان سمیت تمام ممالک سے بات چیت کرکے مسائل حل کریں۔کراچی مسائلستان بن گیا ہے۔پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت ہے ۔میئر کراچی پیپلز پارٹی کا ہے لیکن پھر بھی شہر کے مسائل حل نہیں ہورہے ہیں۔نلکوں میں نہیں ٹینکر میں پانی آتا یے۔تعلیم صحت بجلی ۔ٹریفک سمیت ہر ادارے میں کرپشن ہے بلا تفریق شفاف احتساب کریں۔

(جاری ہے)

کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام جماعتیں اکھٹی ہوں۔

بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنائیں۔قائد متحدہ اور عزیز جان آج کہاں ہے لیکن ہم موجود ہیں اور سیاست کررہے ہیں۔اے این پی عدم تشدد کی سیاست کررہی ہے۔ہم اردو بولنے والوں سمیت سب قوموں سے محبت کرتے ہیں۔کراچی میں بھائی چارگی کو عام کریں وہ بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر سابق پولیس افسر آصف عثمان نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

شاہی سید نے کہا کہ 9 مئی کو معرکہ حق کے طور پر یاد کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی سندھ پاک فوج کی وطن عزیز کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اور انکی کارگردگی کو سلام پیش کرتی ہے اور انہوں نے عالمی سطح پر کشیدگی، بالخصوص ایران اور امریکہ کے درمیان تنازعات کے تناظر میں اس امر کو سراہا کہ پاکستان نے سفارتی سطح پر کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی کوششوں میں مثبت کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم اور فوج سپہ سالار کی جانب سے امن کے فروغ اور دنیا کو جنگ کے خطرات سے دور رکھنے کی کاوشیں قابلِ قدر ہیں۔ شاہی سید نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی، باچاخان کے فلسفہ عدم تشدد پر کاربند ہے اور ہر قسم کی جنگ، تشدد اور خونریزی کی مخالفت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کا راستہ صرف مذاکرات، برداشت اور باہمی احترام سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات، خصوصا خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ ممتاز عالمِ دین مولانا شیخ ادریس کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ریاستی رٹ پر سنگین سوال اٹھاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی باہمی محاذ آرائی اور الزام تراشی امن کے قیام اور عوامی مسائل کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے، جسے فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی، بجلی اور گیس کی مسلسل عدم فراہمی نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے اور عوام بدترین حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ صوبائی اور بلدیاتی حکومتیں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں اور بدانتظامی و بدعنوانی کے الزامات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ کراچی کے شہریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق فوری طور پر فراہم کیے جائیں۔

شاہی سید نے کہا کہ شہر کا انفراسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہے۔ مختلف ترقیاتی منصوبے، بالخصوص سڑکوں اور انڈر پاسز کی تعمیر، ناقص منصوبہ بندی اور کرپشن کے باعث مقررہ وقت پر مکمل نہیں ہو سکے اور عوام کے لیے مشکلات کا سبب بن رہے ہیں۔ یونیورسٹی روڈ، کریم آباد انڈر پاس اور شاہراہِ بھٹو جیسے منصوبے اس کی واضح مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور حکومت کے پاس اس حوالے سے کوئی مثر پالیسی موجود نہیں، جو ایک بڑے شہری المیے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی سندھ اصولی طور پر انسداد تجاوزات کی حمایت کرتی ہے، تاہم اس عمل کو شفاف اور منصفانہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے نارتھ کراچی میں کے ایم سی اہلکاروں کی جانب سے ہوٹل ملازمین پر تشدد اور گالم گلوچ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی موجودگی میں قانون ہاتھ میں لینا آئین کی خلاف ورزی ہے، لہذا متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ بارہا آپریشنز کے باوجود تجاوزات کا خاتمہ کیوں ممکن نہیں ہو سکا، اور آیا اس کی آڑ میں کوئی منظم مفادات کارفرما تو نہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل اور حادثات تشویشناک ہیں، جن پر قابو پانے کے لیے ایک جامع اور مثر پالیسی ناگزیر ہے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ٹریفک حادثات کو لسانی رنگ دینا ایک خطرناک رجحان ہے، جس کا مقصد شہر کے امن کو خراب کرنا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں اور شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ لسانی و مسلکی تقسیم سے گریز کریں۔شاہی سید نے کہا کہ کراچی ہم سب کا مشترکہ شہر ہے اور اس کی ترقی کے لیے بااختیار بلدیاتی نظام ناگزیر ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ شہروں کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مضبوط بلدیاتی نظام ہی شہری ترقی کی بنیاد ہوتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کا ریونیو کراچی پر خرچ کیا جائے، جو شہر کا بنیادی حق ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، اور عوامی نیشنل پارٹی اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی آر سی اور ڈومیسائل کے نام پر پختونوں اور دیگر پاکستانی شہریوں کو ان کے آئینی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، جو کہ غیر آئینی اور امتیازی عمل ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ مطالبہ کرتی ہے کہ اس سلسلے کو فوری طور پر بند کیا جائے اور تمام شہریوں کو برابر کے حقوق فراہم کیے جائیں۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات