حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریب

منگل 12 مئی 2026 16:28

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر حنیف محمد کرکٹ اسٹیڈیم میں جشن معرکہ حق کی بڑی پروقار رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ملک کے نامور فنکاروں نے وطن عزیز سے محبت اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں ملی نغمیں، ترانے اور ثقافتی پروگرام پیش کیے۔

وزیراعلیٰ کی کوارڈنیٹر ایم این اے سائرہ افضل تارڑ، ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق، ایم پی اے میاں شاہد حسین بھٹی، مسلم لیگ ن کے رہنماء چودھری تہور حسین تارڑ، شیخ گلزار احمد،میاں عزم انصر بھٹی، میاں حیدر علی بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یاسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم حمید، اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری، اے سی پنڈی بھٹیاں محسن اقبال ڈھلوں،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اکرام اللہ سندھو سمیت مختلف محکموں کے ضلعی افسران، ملازمین، شہریوں اور بالخصوص بچوں او ر خواتین کی بڑی تعداد رنگا رنگ تقریب میں شریک تھی۔

(جاری ہے)

جشن معرکہ حق کی تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کی کوارڈنیٹر ایم این اے سائرہ افضل تارڑ، ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کی کامیابی پاکستانی قوم کے لیے یوم آزادی کے بعد ایک بڑا یاد گار دن ہے،جب افواج پاکستان نے دشمن کے تمام حملوں کو ناکام بناتے ہوئے جرات مندی،بہادری اور اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی ایک نئی تاریخ رقم کی اور آج پوری دنیا افواج پاکستان کے اس عظیم کارنامے پر خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں تمام مسلح افواج اور وزیراعظم شہبا ز شریف کی کوششوں سے پاکستان کے دفاع کو ماضی کی طرح ناقابل تسخیر بنایا گیا۔ گزشتہ سال10مئی کا وہ تاریخی اور یا د گار دن تھا جب پاک فضائیہ اور دیگر مسلح افواج نے دشمن بھارت کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ انکاکہنا تھا کہ پوری قوم متحد ہے اور اپنے ملک کے دفاع اور قومی اداروں کی سلامتی اور استحکام کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انکاکہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر کی طرح حافظ آباد میں بھی ضلعی انتظامیہ،تمام سرکاری محکموں، دینی، مذہبی، سماجی،کاروباری اور صحافتی تنظیموں سمیت سول سوسائٹی کی جانب سے معرکہ حق کی کامیابی کے جشن کو بھر پور ملی یکجہتی کے طور پر منایا گیا اور دنیا کو یہ ثابت کیا کہ پاکستانی قوم اپنے اداروں کے ساتھ ملکر ملک کی حفاظت کو بھر پور طریقے سے کرنا جانتی ہے۔