Live Updates

پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 415 روپے تک پہنچانے کے باوجود وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے کو تیار نہیں

اشیائے ضروریہ ایک بار مہنگی ہوجائیں تو پھرسستی نہیں ہوتیں، اگر حکومت نے روش تبدیل نہ کی تو پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرسکتے ہیں، حافظ نعیم الرحمن کی عوام سے اسلام آباد احتجاج میں شرکت کی اپیل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 مئی 2026 20:11

پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 415 روپے تک پہنچانے کے باوجود وزیراعظم عوام کو ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 14 مئی 2026ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف کل (جمعہ) اسلام آباد میں بھرپور احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے اور خزانہ بھرنے کے لیے پٹرول پر لیوی 117 روپے تک پہنچا دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکام معاشی پالیسیوں اور نااہلی کا انتقام عوام سے لے رہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 415 روپے تک پہنچانے کے باوجود وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں، جبکہ وزرا مزید اضافے کی باتیں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اور ناجائز اضافے کے خلاف عوام کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات ہر شے پر نمایاں ہو رہے ہیں اور اشیائے ضروریہ ایک بار مہنگی ہوجائیں تو بعد میں سستی نہیں ہوتیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کل کا احتجاج پورے پاکستان کے عوام کی ترجمانی کرے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو ہڑتال اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کو سیکرٹری پٹرولیم نے بتایا کہ حکومت پاکستان کے اقدامات کی وجہ سے پورے ملک میں پٹرولیم مصنوعات وافرمقدارمیں موجودہے،وزیراعظم پٹرولیم مصنوعات میں عوام کوریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کی خود نگرانی کررہے ہیں۔

جمعرات کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق نعیمہ کشورخان اوردیگر کے توجہ مبذول نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم میاں خان بگٹی نے بتایا کہ حالیہ جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اتارچڑھاو آرہاہے، حکومت نے 128ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کیاہے، موٹر سائیکلز اور ٹرانسپورٹ شعبہ کو سبسڈی دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے توانائی کی بچت کے حوالہ سے اقدامات کئے ہیں جس کے اچھے اثرات سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کی وجہ سے 9 مئی کو پٹرول کی قیمت میں 15 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ حکومت پاکستان کے اقدامات کی وجہ سے پورے ملک میں پٹرولیم مصنوعات وافرمقدارمیں موجودہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جی ایس ٹی شامل نہیں ہے۔ توانائی کی بچت میں عوام کو بھی اپنا کرداراداکرنا چاہیے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات