Live Updates

مفاہمتی یادداشت کے تحت تیل اور پیٹروکیمیکل پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے بعد قطر میں منجمد ایران کے 12 ارب ڈالر کے اثاثوں میں سے چھ ارب ڈالر ایران کو واپس کر دیے جائیں گے. صدر مسعود پزشکیان کا دعویٰ

ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کے متعلق بنائی گئی مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس مسقط میں منعقد‘تہران کی بحرین کو سخت تنبیہ ‘ایران کو سخت فیصلے کرنے پر مجبور نہ کیا جائے.علی اکبر ولایتی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 29 جون 2026 16:35

مفاہمتی یادداشت کے تحت تیل اور پیٹروکیمیکل پر عائد پابندیوں کے خاتمے ..
تہران(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 جون ۔2026 ) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت تیل اور پیٹروکیمیکل پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے بعد اب قطر میں منجمد ایران کے 12 ارب ڈالر کے اثاثوں میں سے چھ ارب ڈالر ایران کو واپس کر دیے جائیں گے. بین الاقوامی خبررساں ادارے ”روئٹرز“ کے مطابق کہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے لیے کام کرنے والی ایرانی اور امریکی تکنیکی ٹیموں کی آئندہ کچھ دنوں میں دوحہ میں ملاقات متوقع ہے ذرائع کے مطابق ثالثوں نے کسی بھی ممکنہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے رابطے کے چینلز قائم کر دیے ہیں اور تکنیکی سطح کی بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے.

(جاری ہے)

صدر بزشکیان نے کہا کہ طے پانے والے معاہدوں کے تحت قطر میں موجود ایران کے 12 ارب ڈالر کے کل فنڈز میں سے 6 ارب ڈالر پر سے پابندی ہٹا کر انہیں ملک واپس لایا جائے گا انہوں نے کہا کہ اس وقت کام ان فنڈز کے بقیہ حصے کی واپسی پر مرکوز ہے مطلع ذرائع نے اس سے قبل انکشاف کیا تھا کہ امریکہ قطر کے تعاون سے ایک ایسا طریقہ کار وضع کرنے پر کام کر رہا ہے جس سے تہران کو اپنے منجمد اثاثوں کا کچھ حصہ انسانی بنیادوں پر اشیاءکی خریداری کے لیے استعمال کرنے کی اجازت مل سکے.

ذرائع نے کہا کہ ثالثوں نے کسی بھی حادثے کی صورت میں کشیدگی کم کرنے کے لیے رابطے کے چینلز قائم کر لیے ہیں اور تکنیکی مذاکرات جاری رہنے کی توقع ہے توقع ہے کہ مذاکرات کا یہ سیشن آبنائے ہرمز کے معاملے پر بھی بات چیت کرے گا جس کی وجہ سے گزشتہ دو دنوں کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان باہمی حملے ہوئے اور یہ معاملہ جنگ بندی کے معاہدے اور دونوں فریقین کے درمیان ہونے والے متوقع مذاکرات کے لیے خطرہ بن گیا تھا یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ عرصے کے دوران بارہا اشارہ دیا تھا کہ ان کا ملک تہران کو ایک پیسہ بھی نہیں دے گا .

دوسری جانب ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی نے بحرین کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران کو سخت فیصلے لینے پر مجبور نہ کریں ایرانی ٹیلی ویژن کے مطابق، علی اکبر ولایتی کا کہنا ہے کہ بحرینیوں کو سخت تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ اپنی حدود پہچانیں اپنے مستقبل کے ساتھ ایسے کھیل نہ کھیلیں اور ایران کو سخت فیصلے کرنے پر مجبور نہ کریں.

یاد رہے کہ ہفتے کے روز پاناما کے پرچم بردار ایک جہاز پر ڈرون حملے کے بعد امریکی فوج نے ایران بھر میں متعدد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا جن میں فوجی سازوسامان، مواصلاتی نظام، فضائی دفاعی تنصیبات اور ڈرون ذخیرہ کرنے کے مراکز شامل تھے اس حملے کے جواب میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا بعد ازاں بحرین نے ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز کا روک کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا.

بحرینی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے اتوار کو ان خطرناک ایرانی حملوں میں استعمال ہونے والے متعدد پروجیکٹائلز کو روک کر تباہ کر دیا گیا بیان میں کہا گیا کہ ملک کی فوج چوکس ہے اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے دریں اثناایران کے نائب وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کے متعلق بنائی گئی مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس مسقط میں منعقد ہوا کاظم غریب آبادی نے” ایکس “ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ فریقین نے خلیجی ساحلی ممالک کے خودمختار حقوق اور رواں ماہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام پر تبادلہ خیال کیا. 
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات