پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کریگی ،بلوچستان میں بھی کشمیر الیکشن مہم کو تیز کیا جائے،سید نجمی عالم

بدھ 22 جولائی 2026 21:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے کچی آبادی و پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سینئر رہنما سید نجمی عالم نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کریگی بلوچستان میں بھی کشمیر الیکشن مہم کو تیز کیا جائے اور ووٹرز سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ پارٹی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا جاسکے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو پاکستان پیپلزپارٹی خواتینونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور کی ہدایت پر کوئٹہ کے ایک روزہ دورے کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر و ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ کی قیادت میں ملاات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی وفد میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ،سید اقبال شاہ ، پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ شامل تھیں۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران کشمیر کے انتخابات میں پارٹی امیدواروںکی کامیابی سمیت دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے کچی آبادی سید نجمی عالم نے پیپلز پارٹی خواتین ونگ بلوچستان کی عہدیداروں کو کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں سونپی اور پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ،کلثوم افتخار،نرگس اقبال کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا اور کشمیر الیکشن کمپین مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سید نجمی عالم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے انتخابات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،فریال تالپور اور آصفہ بھٹو کی قیادت میں بھر پور حصہ لے رہی ہے اورانشاء اللہ پیپلز پارٹی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کارکن آزاد کشمیر کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے بلوچستان میں آباد کشمیری ووٹرز سے قریبی رابطہ رکھیں ۔