نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی جانب سے عمران خان اور بشری بی بی سے جیل ملاقات کی درخواست دائر

جیل حکام کے مبینہ نامناسب رویئے ،بدسلوکی پر شدید تحفظات کا اظہار ،جلد ملاقات کروانے کی استدعاء

بدھ 5 اگست 2026 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2026ء) نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی سے جیل ملاقات کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔درخواست گزاروں میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، سابق گورنر عمران اسماعیل، محمود مولوی اور بیرسٹر سیف شامل ہیں۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ہوم پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔

فیصل فرید ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں جیل حکام کے مبینہ نامناسب رویئے اور بدسلوکی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ بانی کے دوست ہونے کی وجہ سے ان کی صحت اور خیریت پر شدید تشویش ہے، بانی اور بشری بی بی کی مسلسل گرتی ہوئی صحت اور خیریت پر گہری تشویش ہے۔

(جاری ہے)

درخواست کے مطابق بانی کے اہلِ خانہ، دوستوں اور قریبی رشتہ داروں کو کئی ماہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، ملاقاتوں پر پابندی کے باعث سوشل میڈیا پر افواہوں اور قیاس آرائیوں کو ہوا مل رہی ہے، ملاقات نہ ہونے سے عوامی سطح پر بے چینی اور تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سیاسی استحکام، آئین کی بالادستی اور قومی مصالحت کیلئے عدالت سے رجوع کیا، بانی سے ملاقاتوں پر پابندی آئین کے آرٹیکل 9اور 14سمیت جیل قوانین کی خلاف ورزی ہے، بانی کو ملاقاتوں سے محروم رکھنا اقوام متحدہ کے نیلسن منڈیلا رولز کے بھی منافی ہے، پاکستان پریزن رولز 1978ء کے تحت بانی سے جیل میں ملاقات اور انٹرویو کی اجازت دی جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت سپرنٹنڈنٹ جیل کو نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے وفد کی بانی اور بشری بی بی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کروانے کا حکم دے، ملاقات کیلئے مناسب وقت مقرر کیا جائے تاکہ بانی اور بشری بی بی کی صحت، ویلفیئر اور قانونی تحفظ کا جائزہ لیا جا سکے۔