Live Updates

پاکستان اور ترکیہ کے ساتھ مکہ معاہدہ خطے کو کشیدگی سے محفوظ رکھنے کیلئے کیا، محمد بن سلمان

کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سعودی عرب کو درپیش ہر خطرے یا حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا؛ سعودی ولی عہد کا شوریٰ کونسل کے سالانہ اجلاس سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 اکتوبر 2026 10:58

پاکستان اور ترکیہ کے ساتھ مکہ معاہدہ خطے کو کشیدگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر 2026ء) سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اپنی سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی خطرے یا حملے کا انتہائی مؤکر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، تاہم خطے میں تناؤ کے خاتمے اور سفارتی حل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ عرب میڈیا کے مطابق شوریٰ کونسل کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یمن، سوڈان، فلسطین اور خلیجی خطے کی سکیورٹی پر سعودی عرب کے واضح موقف کا اعادہ کیا، یمن کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حوثیوں نے افراتفری، تباہی اور خطے کو دھمکانے کا راستہ منتخب کیا، سعودی عرب عالمی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی پورے ملک میں مکمل اتھارٹی قائم کرنے کے لیے مدد جاری رکھے گا، سوڈان کی وحدت، استحکام اور قانونی اداروں کا تحفظ بھی سعودی ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے تاریخی دفاعی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ خطے کو بڑھتے ہوئے تنازعات اور خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا، ہمیں پورا یقین ہے کہ مکہ دفاعی اتحاد خطے کی مجموعی سکیورٹی اور استحکام کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، خلیجی ممالک کی سکیورٹی ناقابلِ تقسیم ہے اور سعودی افواج کسی بھی ناگہانی خطرے سے نمٹنے کی کامل صلاحیت رکھتی ہیں۔

فلسطین کے بحران پر بات کرتے ہوئے انہوں نے غزہ میں جاری مظالم اور مسجدِ اقصیٰ کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ پائیدار سیاسی حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے، جب کہ انہوں نے عالمی توانائی کے بحران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی پانیوں یا تیل کی سپلائی کو سیاسی و اقتصادی دباؤ کا ذریعہ بنانا ناٹائلِ قبول ہے، علاقائی کشیدگی کے باوجود سعودی عرب عالمی منڈیوں میں خام تیل کی بلا تعطل فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات