ابو ظہبی، پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے بغیر ختم ،آخری روز سری لنکا نے 480 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی،پاکستا ن کو جیت کیلئے 302رنز کا ہدف ملا ، پاکستان نے دوسری اننگز میں 302رنز کے تعاقب میں 2وکٹ پر 158 رنز بنائے تھے کہ وقت ختم ہوگیا،بہترین آل راؤنڈر کارکردگی پر سری لنکن کپتان میتھیوز مین آف دی میچ قرار ، دوسرا ٹیسٹ میچ 8 جنوری کو کھیلا جائے گا

اتوار 5 جنوری 2014 06:39

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہوگیا ، پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 302رنز کے تعاقب میں 2وکٹ پر 158 رنز بنائے تھے کہ وقت ختم ہوگیا ، حفیظ نے 80جبکہ احمد شہزاد نے 55رنز بنائے ، بہترین آل راؤنڈر کارکردگی پر سری لنکن کپتان میتھیوز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ،دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 8 جنوری سے شروع ہوگا ۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابو ظہبی ٹیسٹ کے آخری روز کا آغاز ہوا تو سری لنکا نے 420 رنز 5 کھلاڑیوں آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو میتھیوز116 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے سری لنکا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 5وکٹوں کے نقصان پر 480 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کیلئے 302 رنز کا ہدف دیا ۔

(جاری ہے)

کپتان میتھیوز 157 اور جے وردھنے 63رنز کے ساتھ اٹ آؤٹ رہے 302 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 24 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی جب خرم منظور8 رنز بنانے کے بعد لکمال کی بال پر وکٹ کیپر جے وردھنے کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔

اس کے بعد محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں ۔125 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گر گئی جب احمد شہزاد 55 رنز بنا کر ہیراتھ کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ اس کے بعد یونس خان اور محمد حفیظ نے سکور کو مل کر آگے بڑھایا تاہم پاکستان نے ابھی 2وکٹوں پر 158 رنز سکور کئے تھے کہ میچ کا وقت ختم ہوگیا محمد حفیظ 80 اور یونس خان 13رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔

واضح رہے کہ ابو ظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے احمد شہزاد نے پہلی اننگ میں 38 اور دوسری اننگ میں 55رنز بنائے جبکہ بلاول بھٹی نے پہلی اننگ میں 65رنز دیکر 3 اور دوسری اننگ میں 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سری لنکا کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے بلے باز سنانائکے کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے ۔ میچ میں بہترین کارکردگی پر سری لنکن کپتان میتھیوز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آٹھ جنوری کو کھیلا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :