قومی امن کنونشن آج ہوگا،کسی مکتبہ فکر کی نمائندہ جماعت کو دعوت نہ دی گئی ،شیعہ علماء کونسل ،سنی تحریک ،جمعیت علماء پاکستان (نورانی گروپ)سمیت شیعہ اور مسلک بریلوی کی کوئی بڑی جماعت کنونشن میں شریک نہیں ہو گی ،حکومت نے بھی قومی کنونشن کی اجازت نہ دی، سنی اتحاد کونسل وحدت المسلمین اور سینیٹر رضا عابدی کا اجازت نہ ملنے کی صورت میں آج ڈی چوک میں دھرنے کا اعلان

اتوار 5 جنوری 2014 06:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء)سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کے زیر اہتمام ہونے والے قومی امن کنونشن میں کسی مکتبہ فکر کی نمائندہ جماعت کو دعوت نہ دی گئی ۔شیعہ علماء کونسل ،سنی تحریک ،جمعیت علماء پاکستان (نورانی گروپ)سمیت شیعہ اور مسلک بریلوی کی کوئی بڑی جماعت کنونشن میں شریک نہیں ہو گی ۔حکومت نے بھی قومی کنونشن کی اجازت نہ دی ۔

باوثوق ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین نے قومی امن کانفرنس کے نام سے اسلام آباد کنونشن سنٹر میں آج(اتوار)کو کنونشن کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں طالبان مذاکرات کی حامی جماعتوں کو کنونشن میں شرکت کی اجازت نہ دی گئی جبکہ شعبہ مسلک کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت شیعہ علماء کونسل کو بھی اس کانفرنس میں شرکت کے لئے باضابطہ طور پر مدعو نہیں کیا گیا جس پر شیعہ علماء کونسل نے اس کنونشن میں معذوری کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بریلوی مکتب فکر کی بڑی نمائندہ جماعتوں خصوصاً جمعیت علماء پاکستان (نورانی ) گروپ اور سنی تحریک پاکستان کو بھی اس کانفرنس میں شرکت کے لئے دعوت نہیں دی گئی جبکہ دیوبندی مکتب فکر کی بڑی جماعتوں جے یو آئی (ف)،جمعیت علماء اسلام (س) اور جماعت اسلامی کو بھی اس وجہ سے مدعو نہیں کیا گیا کیونکہ ملک میں امن کی خاطر طالبان سے مذاکرات کی حامی جماعتیں ہیں۔

اس سلسلے میں جب خبر رساں ادارے نے کانفرنس کے انتظامات کی باگ ڈور سنبھالنے والے مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری سیاست ناصر عباس شیرازی سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی خاص مکتبہ فکر کو اس کانفرنس میں مدعو نہیں کیا بلکہ ان طبقات کو دعوت دی گئی جو طالبان کی دہشت گردی سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں ۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے ضلعی انتظامیہ کو مذکورہ کانفرنس کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کر دی ہے کیونکہ اس کانفرنس کے ذریعے نقص امن کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔جس کے ردعمل میں سنی اتحاد کونسل وحدت المسلمین اور سینیٹر رضا عابدی نے اجازت نہ ملنے کی صورت میں آج ڈی چوک میں دھرنے کا اعلان کردیا ۔

متعلقہ عنوان :