امریکہ میں برفانی طوفان سے نظام زندگی درہم برہم، گیارہ افراد ہلاک ، 4000 پروازیں منسوخ ، برفباری کے طوفان نے سب سے زیادہ ریاست میساچوسسٹس کے شہر باسٹن کو متاثر ،جہاں تقریباً 14 انچ برف پڑی،اس طوفان کو ’ہرکولیس‘ کا نام دیا

اتوار 5 جنوری 2014 06:54

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء)امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں اور کینیڈا میں برفانی طوفان اور دو فٹ برف پڑنے کے بعد نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا اور اس کے نتیجے میں گیارہ افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔اس طوفان کے نتیجے میں 4000 پروازیں صرف بدھ کے بعد سے منسوخ کی جا چکی ہیں۔ طوفان کو ’ہرکولیس طوفان‘ کا نام دیا گیا ہے، ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ان ریاستوں میں درجہ ِحرارت نقطہ ِانجماد سے بہت حد تک نیچے گر گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ کی کئی ریاستوں میں برف کے طوفان کے باعث اب تک 9 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔2014ء کے پہلے برفباری طوفان نے سب سے زیادہ ریاست میساچوسسٹس کے شہر باسٹن کو متاثر کیا جہاں تقریباً 14 انچ برف پڑی۔ ریاست نیو انگلینڈ کے چند علاقوں میں دو فٹ سے زیادہ برف پڑی۔

(جاری ہے)

موسم کی شدت کے باعث سڑکوں پر سفر کرنا ممکن نہ رہا، سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ بہت سے سکولوں اور سرکاری اداروں کو بھی بند کرنا پڑا۔برفباری کا یہ سلسلہ واشنگٹن اور نیویارک میں بھی جاری رہا جہاں صبح کے وقت کام پر آنے والوں کو کئی انچ برف پڑنے اور طوفانی ہواوٴں کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ ِ موسمیات کے مطابق برفباری کا یہ سلسلہ جمعہ کے روز دوپہر کے وقت تھم جائے گا مگر یخ بستہ ہواوٴں کا سلسلہ ہفتے کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

امریکہ میں نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ریاستوں میں درجہ ِ حرارت منفی 11 سے منفی 17 تک ریکارڈ کیا گیا جو کہ چند علاقوں کا ریکارڈ درجہ ِ حرارت ہے۔امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں 2 انچ سے زائد برف پڑی جبکہ ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں تقریباً 3 سے 6 انچ، فیلیڈیلفیا میں تقریباً 5 انچ اور باسٹن میں 14 انچ برف ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب نیویارک اور نیو انگلینڈ میں 72 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے برفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور کینیڈا کے بعض علاقوں میں درجہ حرات منفی 46 تک گر گیا ہے۔مونٹریال اور وِنی پیگ میں درجہ حرارت منفی 26 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔نیو یارک میں انتظامیہ نے برف ہٹانے والے ٹرک سڑکوں پر لائے ہیں،امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں کئی انچ تک برف پڑ چکی ہے لیکن برفانی طوفان جمعرات کی شام سے زیادہ شدت اختیار کرے گا۔

چند مسافر نیویارک کے کوئنز کے علاقے میں بس سٹاپ پر بس کے منتظر کھڑے ہیں،بوسٹن میں جمعے کی صبح 12 انچ تک برفباری ہونے کی توقع ہے اور اسی طرح کی صورتِ حال ورمونٹ، نیو ہیمپشائر اور مین میں ہو گی جہاں کئی رہائشی بجلی کے بغیر رہ رہے ہیں۔نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر گھر سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔اسی طرح میساچوسٹس کے گورنر نے بھی غیر سرکاری ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ دفاتر سے جلدی گھروں کو واپس چلے جائیں اور شدید سردی کی وجہ سے باہر نہ نکلیں۔