کوئٹہ ،محکمہ صحت نے سرکاری ہسپتالوں میں ادویہ ساز کمپنیوں کے نمائندگان کے داخلہ پر پابندی کردی ، فیصلے پر عملدرآمد کیلئے شعبہ کے تمام سربراہان کو ہدایت

اتوار 5 جنوری 2014 06:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء)محکمہ صحت نے سرکاری ہسپتالوں میں ادویہ ساز کمپنیوں کے نمائندگان کے داخلہ پر پابندی کردی فیصلے پر عملدرآمد کیلئے شعبہ کے تمام سربراہان کو ہدایت کردی گئی صوبائی سیکرٹری صحت عبدالصبور کاکڑ نے سول ہسپتال کوئٹہ و دیگر سرکاری ہسپتالوں میں ادویات ساز کمپنیوں کے میڈیکل ریپس کی بلا روک ٹوک آمد و رفت کا سختی سے نوٹس لیا ہے،صوبائی سیکریٹری کی ہدایت پر میڈیکل سپرٹینڈنٹ سول ہسپتال نے اس حوالے سے آفس آرڈر جاری کیا ہے جس کے مطابق ادویات ساز کمپنیوں کے میڈیکل ریپس جو ہسپتال کے وارڈوں اور او پی ڈی میں دوران ڈیوٹی پروفیسر ز،ڈاکٹروں اور کنسلٹنٹس سے وقت بے وقت ملاقات کرکے اپنی کمپنی کی اشیاء /ادویات فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور ان کے اس عمل سے معالجین کو مریضوں پر توجہ دینے میں دقت کے علاوہ زیر علاج مریضوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے پیش نظر میڈیکل ریپ کے ہسپتال کی عمارت میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے اس سلسلے میں تمام شعبوں کے سربراہان اور ہسپتال میں تعینات انچارج /سپروائزر ، پرائیویٹ و سرکاری گارڈز کو مذکورہ فیصلہ پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں