کوئٹہ ، فرنٹیئر کور کے قافلے کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام، سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے کے نتیجے میں5راہگیر زخمی ، دھماکے سے فرنٹیئر کور کی 2گاڑیوں کوشدید نقصان پہنچا، نزدیکی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے

ہفتہ 25 جنوری 2014 07:33

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25جنوری۔2014ء)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے قافلے کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام، سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے کے نتیجے میں5راہگیر زخمی ہوگئے دھماکے سے فرنٹیئر کور کی 2گاڑیوں کوشدید نقصان پہنچا اور نزدیکی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شب نامعلوم افراد نے تخریب کاری کی غرض سے سائیکل میں دھماکہ خیز مواد نصب کرکے سریاب کے علاقے میں واقع مقامی پیٹرول پمپ کے قریب سڑک کے کنارے کھڑی کررکھی تھی جیسے یہ فرنٹیئر کور کی گاڑیاں قریب سے گزریں تو سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے 2گاڑیوں کونقصان پہنچا اور دھماکے سے 5راہگیر عبدالعلی، امیر حمزہ، عرضی خان، عاطف اور کلیم اللہ زخمی ہوگئے زخمیوں میں کلیم اللہ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے دھماکے سے نزدیکی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے دھماکے کے بعد فرنٹیئر کور کے عملے نے ہوائی فائرنگ کی دھماکے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فرنٹیئر کور اور پولیس کی بھاری نفری سمیت بم ڈسپوزل کا عملہ موقع پر پہنچ گیا علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا بم ڈسپوزل ذرائع کے مطابق بم سائیکل میں نصب تھا جس کا وزن3سے4کلو گرام اور ریموٹ کنٹرول تھا پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔