مرس وائرس، سعودیہ میں ہلاکتیں 163 ہو گئیں،تازہ شکار ریاض، جدہ اور طائف کی تین خواتین بنیں

اتوار 18 مئی 2014 07:38

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مئی۔2014ء)مرس نامی جان لیوا مرض کے سب سے اہم شکار ملک سعودی عرب میں مرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 163 ہو گئی ہے۔ یہ بات سعودی وزارت صحت نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتائی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق 2012 میں سعودی عرب میں اس مرض کے پھوٹنے سے اب تک مجموعی طور پر 520 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔سعودی عرب میں اب تک مرس سے ہونے والی آخری تین اموات سعودی خواتین ہیں جن کا انتقال گزشتہ روز ہوا۔

یہ ریاض ، جدہ اور طائف کی رہنے والی تھیں۔ واضح رہے مصر، اردن، لبنان، ہالینڈ، متحدہ عرب امارات اور امریکا بھی اس مرض کی زد میں ہیں۔ تاہم سب سے زیادہ تعداد سعودی عرب کے لوگوں کی متاثر ہوئی ہے۔عالمی ادارہ صحت نے متعلقہ ممالک پر زور دیا ہے کہ اپنے ہاں انفیکشن سے بچاو کیلیے تدابیر بہتر بنائی جائیں۔

(جاری ہے)

نیز اس بارے میں مزید ڈیٹا جمع کیا جائے اور حفاظتی اقدامات بہتر بنائے جائیں تاکہ اسے پھیلنے سے روکا جا سکے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق افریقی ممالک میں اس کا پھیلنا زیادہ خطرناک ہو گا اس لیے اس پر قابو پایا جائے۔واضح رہے عالمی ادارہ صحت کی ٹیم پانچ دن کے دورے کے بعد سعودی عرب سے واپس جا چکی ہے۔ 2003 میں ایشیائی ممالک میں مرس کے پھیلنے سے 8273 لوگ متاثر ہوئے تھے جمن میں سے نو فیصد کی اموات ہو گئی تھیں۔ مرس کی بیماری عام طور پر پھیپھڑوں کے انفیکشن سے ہوتی ہے۔