ایرانی طلباء میں منشیات کے استعمال میں 50 فیصد اضافہ،نشہ آور ادویات کا یاداشت بڑھانے کے لیے استعمال

اتوار 18 مئی 2014 07:38

تہران(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مئی۔2014ء)ایران میں سالانہ امتحانات کا موسم قریب آتے ہی طلباء میں منشیات کا استعمال غیر معمولی حد تک بڑھ جاتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال کے امتحانات سے قبل بھی ایرانی طلباء میں منشیات کے استعمال میں 50 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔العرب ٹی وی کے مطابق ایرانی طلباء میں منشیات کے بڑھتے رحجان کے بارے میں سرکاری اور غیر سرکاری اعداد و شمار میں بھی زمین وآسمان کا فرق ہے۔

سرکاری سطح پر جاری کیے گئے شماریات کے مطابق دو سے تین ہزار طلباء منشیات کے استعمال میں ملوث ہیں جبکہ غیر سرکاری تحقیقاتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس میں یہ تعداد 30 ہزار سے بھی زیادہ بتائی گئی ہے۔خبر رساں ایجنسی"ایسنا" کے مطابق ایران میں انسداد منشیات کمیشن کے نائب چیئرمین علی رضا جزینی کا کہنا ہے کہ امتحانات کے دن قریب آتے ہی طلباء میں ریٹالین، میتھا ڈون اور شیشہ کا استعمال 50 فیصد بڑھ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ میڈیکل اسٹورز پر ریٹالین اور میتھا ڈون سے تیارکردہ ادویات بہ آسانی دستیاب ہیں۔ یہ نشہ آور دوا اعصابی اور نفسیاتی مریضوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے لیکن طلباء اس کا غیر قانونی استعمال کرتے ہیں۔علی رضا جزینی کا کہنا تھا کہ ایران میں یہ بات مشہور کر دی گئی ہے کہ ریٹالین دوا میں استعمال ہونے والا مواد انسانی یاداشت تیز کرنے اور دماغی صلاحیت میں اضافے کا باعث بنتا ہے حالانکہ یہ سب جھوٹ ہے۔

اسی طرح طلباء میتھا ڈون کو بھی یاداشت بڑھانے کے لیے استعمال کرتے ہیں جو کہ مورفین اور ہیرون ہی کی طرح نہایت خطرناک منشیات میں شامل ہے۔ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ سرکاری سطح پر وزارت انسداد منشیات کے زیر انتظام 17 ادارے کام کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود نوجوانوں میں منشیات کا رحجان تشویشناک حد تک بڑھ رہا ہے۔ایرانی ماہرین طب اور ماہرین نفسیات کا خیال ہے کہ ملک میں میاں بیوی کے درمیان 65 فی صد جھگڑے منشیات کے استعمال کا نتیجہ ہیں۔

منشیات کے استعمال سے گھریلو ناچاقیاں پیدا ہوتی ہیں جو طلاق کے 55 فیصد واقعات کا موجب بنتی ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ برس 3000 افراد منشیات کے استعمال سے موت کے منہ میں چلے گئے، ان میں 230 خواتین بھی شامل تھیں۔ ایرانی انسداد منشیات پولیس کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 21 سال سے کم عمر کے سات لاکھ افراد منشیات کا استعمال کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :