کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کا جمعہ کو پریس کانفرنس میں پیش آنے والے واقعہ کا سخت نوٹس ، کلب کے کونسل رکن اعظم علی کی رکنیت معطل کردی، مزید تحقیقات کے لئے کلب کے نائب صدر سعید سربازی کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی

اتوار 18 مئی 2014 07:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مئی۔2014ء)کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں پیش آنے والے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کلب کے کونسل رکن اعظم علی کی رکنیت معطل کردی ہے ۔مزید تحقیقات کے لئے کلب کے نائب صدر سعید سربازی کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔اس بات کا فیصلہ ہفتے کو صدر امتیاز خان فاران کی سربراہی میں گورننگ باڈی کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا ۔

اجلاس میں نائب صدر سعید سربازی ،خازن اظہر حسین ،سیکریٹری عامر لطیف ،جوائنٹ سیکریٹری شمس کیریو اور اراکین گورننگ باڈی کفیل الدین فیضان،سہیل رفیق ،صدام طفیل ہاشمی ،ارشاد کھوکھر ،ارباب چانڈیو،لیاقت مغل اورجمشید گل بھی موجود تھے ۔گورننگ باڈی نے تحقیقاتی کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحقیقات ایک ہفتے میں مکمل کرکے گورننگ باڈی کو رپورٹ پیش کریں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے دیگر ارکان میں بچل لغاری ،اے ایچ خانزادہ ،شمس کیریو اور ارشاد کھوکھر شامل ہیں ۔ اجلاس میں صدر امتیاز خان فاران کی صدارت میں ایک پانچ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو اخبارات اور چینلز کے مالکان اور ایڈیٹران سے ملاقات کرکے موجودہ بحران سے نمٹنے کے لئے مناسب حل تجویز کرے گی ۔کمیٹی کے دیگر اراکین میں سیکریٹری پریس کلب عامر لطیف ،مقصود یوسفی ،خورشید تنویر اور سعید خاور شامل ہیں۔

گورننگ باڈی نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کا بھی سخت نوٹس لیا ہے ساتھ ہی گورننگ باڈی نے بعض صحافیوں کی جانب سے پریس کلب کے واقعہ کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے اور کلب کے خلاف لوگوں کو اکسانے اور اشتعال دلانے کا بھی سخت نوٹس لیا ۔گورننگ باڈی نے میڈیا کو درپیش موجودہ چیلنجز کابھی جائزہ لیا اور کہا کہ صحافیوں کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنادیا جائے گا ۔

گورننگ باڈی نے تمام ارکان پر زور دیا کہ وہ کلب کے قواعد و ضوابط کا احترام کریں اور ریٹنگ اور کاروبار کی جنگ میں آپس میں الجھنے سے گریز کریں۔گورننگ باڈی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کسی چینل کو بند نہیں ہونے دیا جائے گااور ایسی کسی بھی کوشش کی سختی سے مذاحمت کی جائے گی ۔کیونکہ ہمارے ہزاروں ساتھیوں کا روزگار اس سے وابستہ ہے ۔گورننگ باڈی یہ محسوس کرتی ہے کہ اگر آج ایک چینل کو بند کردیا گیا تو باقی چینلز کا بند کرنا اس سے کہیں زیادہ آسان ہوگا اس لئے ایسی سازش کو ناکام بنانے کے لئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔گورننگ باڈی نے ویجیلنس کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ پریس کانفرنس کے دوران کلب کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد اور مہمانوں کے احترام کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :